بحرین میں دو ہفتے کے لیے تجارتی مراکزاور تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

بحرین میں کورونا سے ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کے بعد آج سے سکول کالج، ریسٹورنٹس، کاروباری ادارے بند کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 مئی 2021 12:13

بحرین میں دو ہفتے کے لیے تجارتی مراکزاور تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی2021ء) بحرین نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت پابندیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی میڈیکل ٹیم کی سفارش پر جمعرات سے دو ہفتے کے لیے پورے ملک میں ریستوران اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ شاہ بحرین نے کورونا وبا کی نئی لہر سے ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

بحرینی فرمانروا شیخ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے بحرینی عوام اور مقیم غیرملکیوں کو وبا کے اثرات سے بچانے اور متاثرین کے علاج میں دن رات ایک کر دینے والے طبی اور انتظامی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اُردو نیوز کے مطابق بحرین میں رابطہ کمیٹی کاآن لائن اجلاس نائب وزیراعظم شیخ محمد بن مبارک آل خلیفہ کی زیر صدارت ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ ’دیگر چیلنجوں کی طرح کورونا وائرس بھی ایک چیلنج ہے اور ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے عزم اور آہنی ارادے کی ضرورت ہے۔

چیلنج کا دورانیہ طویل ہوسکتا ہے لیکن عزم اور ارادے کے بل پر اس سے نمٹا جاسکتا ہے۔نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی اولین ترجیح ہے۔ رابطہ کمیٹی اجلاس میں جو فیصلے کیے ہیں اس کے تحت ویکسین کی خوراکیں دینے کی استعداد بڑھائی جائے گی۔

متاثرین کی نشاندہی کے لیے تیز رفتار ٹیسٹ پروگرام بڑے پیمانے پر چلایا جائے گا۔متاثرین اور ان سے ملنے والوں کے علاج کے لیے مقرر دواوٴں کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ جمعرات 27 مئی رات 12 بجے سے جمعرات 10 جون رات 12 بجے تک تمام اہم ادارے اور کاروبار بند رہیں گے تاہم ان سے بنیادی ادارے مستثنی ہوں گے۔فیصلے کے تحت تمام کاروباری اور کھیلوں کی سرگرمیاں، سکول، تعلیمی اور تربیتی ادارے بند رہیں گے۔سرکاری اداروں میں اہلکار 70 فیصد تک گھروں سے ڈیوٹی دیں گے جبکہ خصوصی پروگراموں پر پابندی ہوگی۔بیان کے مطابق بنیادی ضرورتیں پوری کرنے والے ادارے مشروط شکل میں کھلے رہیں گے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں