بحرین عید الفطر پر سب سے کم چھٹیاں دینے والا جی سی سی ملک

بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم نے تمام ملازمین کیلئے عید الفطر پر 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 اپریل 2023 16:07

بحرین عید الفطر پر سب سے کم چھٹیاں دینے والا جی سی سی ملک
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2023ء) بحرین نے مملکت میں تمام ملازمین کیلئے عید الفطر پر 3 دن کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حمد الخلیفہ نے عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا ہے، جس میں مملکت میں تمام کارکنوں کے لیے تین دن کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مملکت کی وزارتیں اور عوامی ادارے عید الفطر کے دن اور اس کے بعد کے دو دن بند رہیں گے تاہم اگر عید کے دنوں میں سے کوئی بھی سرکاری تعطیل کے ساتھ ملتا ہے تو اس کے بدلے میں ایک اضافی دن دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ سپریم کونسل فار اسلامک افیئرز (SCIA) نے اعلان کیا ہے کہ ماہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے جمعرات کی شام 29 رمضان المبارک 1444 ہجری کو چاند دیکھنے کا پینل بلایا جائے گا، SCIA نے عیدالفطر کا چاند نظر آنے کی صورت میں لوگوں سے چاند دیکھنے کے پینل سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف قطر نے بھی عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جہاں عوام عید الفطر کی خوشی میں 11 دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے، عید چھٹیاں 19 اپریل 2023 سے شروع ہو کر جو کہ 28 رمضان 1444 ہجری کی مناسبت سے ہے، 27 اپریل 2023 تک جاری رہیں گی اور ملازمین کو 30 اپریل 2023 بروز اتوار کام پر واپس جانا ہے، چھٹی کا اطلاق تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور عوامی اداروں پر ہوگا۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات نے بھی ملازمین کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا، یو اے ای کی وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل (FAHR) کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹی 29 رمضان المبارک سے شروع ہو کر 3 شوال تک ہوگی، شوال کا چاند نظر آنے کی بنیاد پر عید الفطر کی تعطیل جمعرات 20 اپریل سے شروع ہو کر اتوار 23 اپریل تک جاری رہ سکتی ہے، پھر 24 اپریل بروز پیر کو معمول کے اوقات کار دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔

ادھر سعودی عرب نے بھی عید الفطر کے موقع پر مملکت میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی طرف سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات جمعرات 29 رمضان المبارک بمطابق 20 اپریل کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد شروع ہو جائیں گی، نجی اور غیر منافع بخش شعبوں کے ملازمین کو عید پر 21 تا 24 اپریل تک 4 دن کی چھٹیاں ہوں گی۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں