کئی پابندیاں ختم ‘ کویت نے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی

کویتی کابینہ نے غیرملکی سفر پر پابندی سمیت کورونا وباء کی وجہ سے عائد کی گئیں متعدد پابندیوں کو ختم کر دیا ، یہ اقدام ان لوگوں پر بھی لاگو ہوگا جنہیں ویکسین نہیں لگائی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 فروری 2022 14:14

کئی پابندیاں ختم ‘ کویت نے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری 2022ء ) کویت نے بہت سی کووڈ پابندیاں اٹھاتے ہوئے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کویت کے وزیراعظم شیخ صباح الخالد الصباح نے کہا ہے کہ کویتی کابینہ نے غیرملکی سفر پر پابندی سمیت کورونا وباء کی وجہ سے عائد کی گئیں متعدد پابندیوں کو ختم کر دیا ہے، یہ اقدام ان لوگوں پر بھی لاگو ہو گا جنہیں ویکسین نہیں لگائی گئی ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے والوں کو اب بھی خلیجی عرب ریاست کی پرواز میں سوار ہونے سے 72 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا اور پہنچنے کے بعد 7 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا جب کہ جن لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے انہیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ اگلے ہفتے سے اٹھائی جانے والی کچھ پابندیوں میں غیر ویکسین والے افراد کو شاپنگ مالز کے ساتھ ساتھ سینما گھروں ، تھیٹروں اور بینکوئٹ ہالز کے اندر داخل ہونے کی اجازت دینا شامل ہے تاہم اس کے لیے ان فراد کو منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ خلیجی ملک کویت میں کورونا وباء کے دوران پاکستانی طبی عملہ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ‘ مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز کہتے ہیں کہ پاکستان نے وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کویت بھیجا ‘ مزید تین ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کو بھی بھیجے جائیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر جولائی 2020ء میں 600 پاکستانی طبی ماہرین کو بھیجنے کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ، جس کے بعد پاکستان سے وباء کے دوران ساڑھے 3 ہزار سے زائد ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی تکنیکی افراد کو کویت بھیجا گیا ، مزید 3 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ابھی بھیجا جائے گا جب کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی طبی عملے کے لیے سینکڑوں پاکستانیوں کی بھرتیاں کی جارہی ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں