آج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شام کے وقت تیز بارش ہو گی

محکمہ موسمیات کے مطابق جازان، عسیر، باحہ میں بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چلیں گی، ریاض میں بھی گرد و غبار کا طوفان اُٹھے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 1 اکتوبر 2020 14:33

آج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شام کے وقت تیز بارش ہو گی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2020ء) سعودی عرب کل متعدد علاقوں میں بارش ہونے سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی وہاں موسم بھی انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج دوپہر اور شام کو بھی مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر باحہ اورجازان میں پہلے تیز ہوائیں چلیں گی جن کے بعد موسلادھار بارش ہو گی۔ اس کے علاوہ ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی گرد آلود ہوائیں اُٹھیں گی اوربہت سے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو گی۔

بحیرہ احمر میں بھی طوفانی ہواؤں کے باعث سمندر کی لہریں 2میٹر تک بلند ہوں گی۔بارشوں اورتیز ہواؤں کے باعث اگلے دو ہفتوں تک مملکت میں درجہ حرارت بہت کم رہے گا۔ خصوصاً ریاض اور قصیم کے ریجن میں کم از کم درجہ 20 سینٹی گریڈ سے نیچے آ جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ تبوک اور حائل میں کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ الشرقیہ اور نجران میں بھی درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث کئی علاقوں میں ہیٹرز کا استعمال شروع ہو جائے گا۔

سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔

چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں