عمان کا سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 94 فیصد اضافہ

بین الاقوامی پروازوں کی تعداد فروری 2023ء میں 112.4 فیصد بڑھ کر 14 ہزار 250 ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 اپریل 2023 16:07

عمان کا سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 94 فیصد اضافہ
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 اپریل 2023ء ) خلیجی سلطنت عمان کا سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 94 فیصد اضافہ ہوگیا۔ مسقط ڈیلی کے مطابق عمان کے ہوائی اڈوں پر آنے والے مسافروں کی تعداد میں 2022ء کی اسی مدت کے مقابلے اس سال فروری میں 94 فیصد اضافہ ہوا، اس سلسلے میں قومی مرکز برائے شماریات اور معلومات (NCSI) کے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ فروری 2023ء میں روانہ ہونے والے مسافروں کی تعداد میں بھی سال بہ سال 113 فیصد اضافہ ہوا، مسقط، صلالہ اور صحار کے ہوائی اڈوں سے بین الاقوامی پروازوں کی تعداد (آمد اور روانگی) فروری 2023ء میں 112.4 فیصد بڑھ کر 14 ہزار 250 ہوگئی، 2022ء میں اسی مدت میں یہ تعداد 6 ہزار 708 تھی۔

بتایا گیا ہے کہ اس سال فروری میں آمد و روانگی اور ٹرانزٹ مسافروں کی کل تعداد 22 لاکھ 31 ہزار 451 رہی، مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے آنے اور جانے والی پروازوں (بین الاقوامی اور گھریلو) کی تعداد 102.3 فیصد بڑھ کر 14ہزار 602 ہوگئی اور یوں فروری 2023ء میں 20 لاکھ 04 ہزار 924 مسافروں کو لے کر اس میں 117.2 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح صلالہ ہوائی اڈے نے اس سال فروری میں بین الاقوامی اور گھریلو پروازوں کی تعداد میں 38.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، جہاں سے 2 لاکھ 10 ہزار 865 مسافروں کو لے کر جانے والی پروازوں کی تعداد 43 فیصد زیادہ ہے جب کہ 60 بین الاقوامی پروازیں 4 ہزار 277 مسافروں کے ساتھ فروری 2023ء میں صحار ہوائی اڈے پر آئیں اور یہاں سے روانہ ہوئیں۔

معلوم ہوا ہے کہ فروری میں مسقط بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے مسافروں کی قومیت کے لحاظ سے روانہ ہونے اور آنے والے مسافروں میں بھارتی 1 لاکھ 23 ہزار 130 کے ساتھ سرفہرست رہے، اس کے بعد بنگلہ دیش (44 ہزار 233) اور پاکستان (37 ہزار 130) شامل ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں