قطر نے گلف کوآپریشن کونسل چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی

سعودی عرب، امارات اور دیگر خلیجی ممالک نے قطر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 29 مئی 2020 17:17

قطر نے گلف کوآپریشن کونسل چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی
دوحہ(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-92مئی2020ء) گزشتہ کچھ ہفتوں سے یہ خبریں گردش میں تھیں کہ قطر نے خلیجی ممالک کی نمائندہ تنظیم گلف کوآپریشن کونسل چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور عنقریب وہ باضابطہ طور پر کونسل سے لاتعلقی کا اعلان کر دے گا۔

تاہم قطر کی جانب سے ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔ قطری نائب وزیر خارجہ لولوا الخاطر نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ کچھ عرصے سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ قطر جی سی سی سے دستبردار ہونے پر غور کر رہا ہے، یہ خبریں سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

قطر کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جی سی سی کے پلیٹ فارم سے مایوس ہو گئے ہیں، وہی ایسی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

یہ تنظیم چھ ممالک کے عوام کے لیے اُمید اور خواہشات کا مرکز بنی رہی ہے۔واضح رہے کہ گلف کوآپریشن کونسل کی بنیاد 1981ء میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رکھی گئی تھی۔ آج سے تین سال قبل سعودی عرب اور قطر کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہوئے، اس معاملے میں عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے کُھل کر سعودی عرب کا ساتھ دیا۔ قطر پر سعودی عرب میں دہشت گرد عناصر کی درپردہ حمایت کا الزام عائد کیا گیا۔

جس کے بعد قطر کے دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات شدید اختلافات کا شکار ہو گئے۔ خلیجی ممالک کی جانب سے قطر کا بائیکاٹ کیا گیا۔  اس تنازعے کو 5 جون کو تین سال پورے ہو جائیں گے۔ اس موقع پر یہ افواہیں سامنے آ رہی ہیں کہ قطر کو دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے جس تنہائی میں دھکیل دیا گیا ہے، اس کے خلاف احتجاج کے طور پر قطر جلد خلیج تعاون کونسل سے کنارہ کشی اختیار کر لے گا، تاہم قطری حکومت کی اعلی عہدے دار نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں