کورونا مریضوں کی کم تعداد کے معاملے میں قطر تمام خلیجی ممالک پر بازی لے گیا

مملکت میں زیر علاج کورونا مریضوں کی گنتی صرف 11 ہزار رہ گئی، 86 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 جولائی 2020 15:11

کورونا مریضوں کی کم تعداد کے معاملے میں قطر تمام خلیجی ممالک پر بازی لے گیا
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 جولائی 2020ء) خلیجی ریاست قطر میں کورونا مریضوں کی گنتی ایک لاکھ کے ہندسے کی جانب تیزی سے دوڑ رہی ہے۔ مملکت میں گزشتہ روز مزید 894افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔قطری وزارت صحت کے مطابق مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی97,784 ہوگئی ہے ، جن میں غیر ملکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جبکہ مزید 2,632 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے، اب تک مجموعی طور پر86,597 ہزارافراد کورونا کو شکست دے کر شفایاب ہو چکے ہیں۔

اس وقت ہسپتال میں زیر علاج افراد کی گنتی 11,182 ہے جن میں سے 779 کی حالت سنگین ہے جبکہ انتہائی تشویشناک مریضوں کی گنتی 187 بتائی گئی ہے۔ مملکت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 118 تک جا پہنچی ہے ۔گزشتہ روز 5,593 افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے، جن کی رپورٹس ابھی ایک دو روز میں آنا باقی ہیں۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر اب تک 3لاکھ 66ہزار سے زائد افراد کی کورونا سکریننگ ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کے خدشے کے پیش نظر گزشتہ ماہ پانچ سو قیدیوں کی سزا معاف کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ قطری حکومت نے کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے تاحکم ثانی گھروں سے باہر نکلنے والے تمام افراد کے لیے چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔اس کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو جیل اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک مقامی اور تارکین وطن کے مجموعی طور پرتین لاکھ سے زائد ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔ مملکت میں جو کورونا کے مریضوں کی گنتی میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، یہ کیسز کے بلند ترین سطح پر ہونے کی نشانی ہے۔اس کے بعد آہستہ آہستہ مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوتی نظر آئے گی ۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں