وزیراعظم کا قطر سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور قطر بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسیع اور گہرا کرتے رہیں گے۔ شہباز شریف کی قطری سفیر سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 جولائی 2023 16:37

وزیراعظم کا قطر سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2023ء) وزیر اعظم نے قطر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ برادر ممالک پاکستان اور قطر اپنے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید وسیع اور گہرا کرتے رہیں گے۔ پی ایم آفس میڈیا ونگ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اعظم آفس میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کا استقبال کیا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سفیر کے شاندار کردار کو سراہا، وزیراعظم نے خاص طور پر قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا جو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں قطر کی دلچسپی کے مظہر ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی بات چیت اور خوراک کی حفاظت، توانائی، آئی ٹی، کان کنی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کا خاص طور پر حوالہ دیا، شہباز شریف نے سفیر الثانی کو ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں میں ہر طرح کی کامیابی کی خواہش کی۔ اس موقع پر سفیر الثانی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا ان کی مہمان نوازی اور گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان میں ان کے قیام کو واقعی یادگار بنا دیا، قطری سفیر 2020ء میں کوویڈ 19 وبائی مرض کے درمیان پاکستان پہنچے تھے اور اپنی سفارتی ذمہ داری کی تکمیل کے بعد اس ماہ پاکستان چھوڑ دیں گے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں