ابو ظہبی میں نئے الیکٹرانک ٹال سسٹم پر بھی جرمانوں کا نظام نافذ

نیا ٹال سسٹم 15 اکتوبر سے کام کرنا شروع کر دے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 جولائی 2019 12:36

ابو ظہبی میں نئے الیکٹرانک ٹال سسٹم پر بھی جرمانوں کا نظام نافذ
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جولائی 2019ء) ابو ظہبی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ٹال سسٹم کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت دارالحکومت ابو ظہبی میں داخل ہونے والے یا وہاں سے باہر جانے والے ڈرائیورز کو ٹول گیٹس سے گزرنا ہو گا جو کہ شہر میں مختلف مقامات پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ ٹول سسٹم رواں سال 15 اکتوبر سے فعال ہو جائے گا۔

اس حوالے سے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے کچھ خلاف ورزیوں پر عائد ہونے والے جرمانوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اگر کوئی غیر رجسٹرڈ شُدہ گاڑی دس دِنوں کی رعایتی مُدت کے بعد ٹول گیٹ کراس کرتے ہوئے پائی گئی تو اُس کے مالک پر پہلے دِن سو درہم، دُوسرے دِن دو سو درہم اور تیسرے دِن چار سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ دس ہزار درہم کا ہو سکتا ہے۔ جبکہ ایسے ڈرائیورز جن کی گاڑی ابو ظہبی سے باہر کی ریاستوں میں رجسٹرڈ ہے، اور گریس پیریڈ کی مُدت ختم ہونے کے بعد بھی وہ اس کی رجسٹریشن نہیں کرواتے ، اگر ایسے ڈرائیورز کے اکاؤنٹ میں ناکافی بیلنس ہوا تو اُن پرٹول دروازوں سے گزرتے وقت ہر روز کے حساب سے پچاس درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اگر کوئی شخص اپنی گاڑی کی لائسنس پلیٹ کی فیس سے بچنے کی خاطر اس پلیٹ کے ساتھ کوئی جعلسازی کرتا پکڑا گیا تو اُس پر دس ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔ اگر کسی ڈرائیور کی جانب سے ٹال گیٹس پر نصب ای پیمنٹ مشین کو کوئی نقصان پہنچایا گیا تو ایسی صورت میں بھی جرمانے کی رقم دس ہزار درہم ہو گی۔تاہم ایمبولینسز، مسلح اداروں اور سول ڈیفنس کی گاڑیاں، عوامی بسیں، ابو ظہبی کی لائسنس شُدہ ٹیکسیاں، سکول بسیں، پولیس اور وزارت داخلہ کی گاڑیاں، ٹریلرز اور موٹر سائیکلز ٹول فیس کی ادائیگی سے مبرّا ہوں گی۔ اس کے علاوہ ایسی الیکٹرک گاڑیاں بھی دو سال تک ٹال فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں