ابوظبی میں ٹریفک ریڈار کرفیو کی خلاف ورزی نوٹ کریں گے

پولیس کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک سمارٹ سسٹمز اور ریڈار ڈیوائسز کے ذریعے کرفیو کی پابندی کی نگرانی کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 مئی 2020 11:03

ابوظبی میں ٹریفک ریڈار کرفیو کی خلاف ورزی نوٹ کریں گے
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9مئی2020ء ) ابوظبی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کے دوران کرفیو کی خلاف ورزی نوٹ کرنے کے لیے ٹریفک ریڈارز اور سمارٹ سسٹمز کو استعمال میں لایا جائے گا۔ ابوظبی میں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہوتا ہے، جو لوگ کرفیو کے درمیان بلااجازت گاڑی لے کر باہر نکلیں گے، سڑکوں پر موجود ریڈارز اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں خود کار نظام کے ذریعے جرمانے کا میسج بھیج دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پولیس کی گاڑیاں بھی کرفیو کی نگرانی کے لیے سڑکوں پر موجود ہوں گی تاکہ لوگوں کو نیشنل سٹیریلائزیشن پروگرام کے دوران گھروں تک ہی محدود رکھا جائے۔ ابوظبی پولیس نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ سٹیریلائزیشن کے اوقات میں گھروں سے ہرگز باہر نہ نکلیں، البتہ اگر ضروری سامان یا ادویہ خریدنی ہوں یا کوئی ہیلتھ ایمرجنسی ہو تو پھر گھر سے باہر نکلا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک اور گلوز پہننا لازمی ہوں گے۔ دوسری جانب اٹارنی جنرل کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جو لوگ کرفیو کے اوقات میں بغیر کسی انتہائی ضرورت کے گھر سے نکلیں گے، انہیں 2 ہزار درہم کا جرمانہ بھرنا پڑے گا۔اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ اس پر کورونا سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی پر بلاجواز جرمانہ عائد کیا گیا ہے تو وہ اپنا اعتراض پبلک پراسیکیوشن کے لنک پر جاکر ریکارڈ کرایا جاسکتا ہے۔

تاہم اعتراض ریکارڈ کراتے وقت جرمانے کے غلط ہونے کا ثبوت بھی منسلک کرنا ہوگا۔ رمضان المبارک سے قبل نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کے تحت کرفیو کا دورانیہ رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک مقرر کیا گیا تھا، تاہم رمضان کے مہینے میں کرفیو کے اوقات گھٹا کر آٹھ گھنٹے کر دیئے گئے جن کا اطلاق رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوتا ہے۔ نیشنل ڈس انفیکشن پروگرام کے دوران تمام عوامی اور سرکاری مقامات و عمارات، گلیوں سڑکوں اور پبلک ٹرانسپورٹس کو سینٹائز کیا جا رہا ہے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں