شارجہ: تیز رفتار کار کی کھڑے ٹرک کو ٹکر، ڈرائیور ہلاک

ٹرک کی سیڑھیوں پر کھڑا غیر مُلکی ورکر بھی شدید زخمی ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 4 جنوری 2019 13:28

شارجہ: تیز رفتار کار کی کھڑے ٹرک کو ٹکر، ڈرائیور ہلاک
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 جنوری 2019ء) شارجہ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک میں جا گُھسی۔ کار چلانے والا 34 سالہ اماراتی ڈرائیور اس حادثے میں فوری طور پر ہلاک ہو گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ملیحہ روڈ پر فیڈرل الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (FEWA) کا ایک ٹرک سڑک کنارے کھڑا تھا۔ اچانک ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرک کے پچھلی جانب جا ٹکرائی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار چلانے والا مرد موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی سے محروم ہو گیا۔ جبکہ 28 سالہ بھارتی ملازم جو سیڑھی پر چڑھا پول لائٹ ٹھیک کر رہا تھا، وہ اس ٹکر کی شدت کے باعث زمین پر آ گِرا اور شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کو فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع دی گئی، جس پر ایک پٹرول ٹیم، ایمبولینس اور ریسکیو ورکر جائے حادثہ پر روانہ کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

جہاں اُنہوں نے دیکھا کہ کار چلانے والا اماراتی موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ جبکہ بھارتی ملازم شدید زخمی حالت میں پڑا تھا۔ اہلکاروں نے مرنے والے اماراتی اور زخمی ہونے والے بھارتی ملازم کو الزاید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اُس کا انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں علاج جاری ہے۔ پولیس کے ترجمان نے حادثے کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثہ اماراتی ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ تیز رفتار کار اچانک اُس کے قابو سے باہر ہو گئی اور ٹرک میں جا گھُسی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ تیز رفتاری کے باعث امارات میں ہر سال سینکڑوں افراد اپنی زندگیاں گنوا بیٹھتے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں