امارات کے معروف کاروباری گروپ نے سینکڑو ں پاکستانیوں کو ٹکٹس خرید کر وطن واپس بھجوا دیا

گلادری برادران کی جانب سے آج صبح شارجہ سے ملتان آنے والی پرواز کے ذریعے 100مسافروں کو بھجوایا گیا، شام والی پرواز سے مزید 100 پاکستانیوں کو بھجوایا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 اگست 2020 11:57

امارات کے معروف کاروباری گروپ نے سینکڑو ں پاکستانیوں کو ٹکٹس خرید کر وطن واپس بھجوا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا کے بعدشدید معاشی بحران نے جنم لیا۔ جس کے باعث ہزاروں پاکستانی بھی بیروزگار ہو گئے۔ کئی پاکستانی اتنے مجبور تھے کہ وطن واپسی کی ٹکٹ خریدنے کے لیے بھی ان کے پاس رقم نہ تھی۔ ایسے وقت میں دُبئی میں واقع کاروباری گروپ گلادری برادرز کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سینکڑوں غریب پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔

گلادری برادرز کی جانب سے آج صبح ایک خصوصی پرواز کے ذریعے 100 پاکستانیوں کو ٹکٹس دے کر شارجہ کے ذریعے ملتان بھجوا دیا گیا۔ یہ پرواز صبح 9 بجے روانہ ہوئی۔ جبکہ آج شام 4 بجے بھی گلادری برادرز کی جانب سے امارات جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے 100 پاکستانیوں کو اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس طرح اب تک گلادری برادران نے 200 پاکستانیوں کے لیے ٹکٹس خرید کر مہیا کر دی ہیں۔

گزشتہ ماہ گلادری برادرز کے چیئرمین نے سید زلفی بخاری سے ملاقات کر کے انہیں امارات میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات سے آگاہ کیا اور اس موقع پر انہیں بتایا تھا کہ وہ اپنے کاروباری ادارے کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت نادار پاکستانیوں کو وطن واپس بھجوانے کے لیے ایک کروڑ روپے کی ٹکٹس مہیا کریں۔ سید زلفی بخاری نے گلادری برادرز کے اس نیک جذبے پر بہت سراہا تھا اور انہیں رعایتی نرخوں پر ٹکٹس فراہم کرنے کی یقین دہانی کی تھی۔

جس کے بعد پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کی جانب سے گلادری برادرز کو انسانیت نوازی کے جذبے کے تحت خریدی گئی ٹکٹس میں خاص رعایت دی گئی اورخصوصی پروازوں کا انتظام بھی کیا۔ مسافروں کی جانب سے انہیں مفت میں ٹکٹ فراہم کر کے پاکستان بھجوانے پر گلادری برادرز کا شکریہ ادا کیا گیا۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ اختر حُسین نے بتایا کہ اسے امارات آئے سا ت ماہ ہو چکے ہیں۔

وہ یہاں ایک چھوٹی سی پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کر رہا تھا۔ تاہم کورونا وبا کے دنوں میں اس کی نوکری چلی گئی اوروہ پیسے پیسے کا محتاج ہو گیا۔ پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کرنے پر اسے گلادری برادرز کی جانب سے وطن واپسی کے لیے مفت ٹکٹ مہیا کی گئی، جس پر وہ ان کا بے حد شکرگزار ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں