شارجہ میں خاتون ڈرائیور کی کار دُکان کا دروازہ توڑ کر اندر جا گُھسی

الزہرا اسٹریٹ پر پیش آنے والے واقعے میں دُکان میں موجود افراد اور خاتون ڈرائیور کی زندگیاں بال بال بچ گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 مئی 2021 17:25

شارجہ میں خاتون ڈرائیور کی کار دُکان کا دروازہ توڑ کر اندر جا گُھسی
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مئی2021ء) یو اے ای میں ایک خاتون کی خراب ڈرائیونگ نے مشہور مارکیٹ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ خاتون ڈرائیور کی تیز رفتار گاڑی ایک دُکان کا شیشے کے دروازہ توڑ کر اندر جا گھُسی ، جس کے بعد وہاں موجود افراد پریشان ہو گئے۔ اس واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت الزہرا اسٹریٹ پر واقع علاقے میسالون میں پیش آیا۔

ایک خاتون ڈرائیور تیز رفتار کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھ سکی جو ایک دُکان کے شیشے کو دروازے کو توڑ کر کئی میٹر اندر جا گُھسی۔ اس واقعے نے دُکان میں موجود افراد میں سنسنی پھیلا دی۔ اس زوردار ٹکر کی وجہ سے شیشے کے دروازے کے علاوہ شیلف بھی ٹوٹ گئی ہیں جن میں پلاسٹک کا سامان سجایا گیاتھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حادثے کی ذمہ دار خاتون ڈرائیور کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے ہے۔

اس واقعے کی وجہ خاتون کی لاپرواہی اور تیز رفتاری بتائی گئی ہے۔ شارجہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے شعبہ آگاہی کے ڈائریکٹر کیپٹن سعود الشیبہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پچھلے ایک سال سے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے جس کا عنوان ”اپنا دھیان سڑک سے مت ہٹائیں“ ہے۔ اتنے لمبے عرصے تک مہم چلانے کے باوجود بہت سے ڈرائیورز اپنی ڈرائیونگ میں سدھار لانے کو تیار نہیں ہے۔

بہت سے ڈرائیورز گاڑی تیز چلانے سے باز نہیں آتے یا پھر ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر اپنی توجہ نہیں رکھتے۔ خاتون ڈرائیور کو بھی حادثہ اسی وجہ سے پیش آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال کے پہلے تین ماہ کے دوران ڈرائیونگ پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے 85 حادثات رونما ہوئے ہیں۔ اس جاری آگاہی مہم کا مقصد امارات کی روڈز کو ٹریفک حادثات سے محفوظ بنانا ہے تاکہ لوگوں کی زندگیاں اور قیمتی املاک محفوظ رہیں۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں