یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر شارجہ میں مفت پارکنگ کا اعلان

قومی دن کی تعطیل کے موقع پر 1 اور 2 دسمبر کو شارجہ شہر میں مفت پبلک پارکنگ کی سہولت میسر ہوگی

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 نومبر 2021 13:02

یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر شارجہ میں مفت پارکنگ کا اعلان
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2021ء ) شارجہ سٹی میونسپلٹی نے یو اے ای کے 50 ویں قومی دن کی تعطیل کے موقع پر 1 اور 2 دسمبر کو شارجہ شہر میں مفت پبلک پارکنگ کا اعلان کردیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ میونسپلٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے کہا ہے کہ کچھ علاقے اعلان میں شامل نہیں ہیں جب کہ پارکنگ کی فیس ہفتہ دسمبر 4 کو دوبارہ فعال ہو جائے گی ، یہ فیصلہ شارجہ شہر میں بہت سے عوامی پارکنگ استعمال کرنے والوں کی درخواست کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اہم علاقوں میں ممکنہ طور پر سب سے زیادہ خالی پارکنگ کی جگہیں فراہم کرنے کے لیے میونسپلٹی کی خواہش کے فریم ورک کے اندر کیا گیا ہے۔

میونسپلٹی نے عوام کو رہنما خطوط سے آگاہ کرنے کے لیے ان علاقوں میں سائن بورڈ لگائے ، انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی نے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے خاص طور پر اہم اور سیاحتی علاقوں میں عوامی پارکنگ کی جگہیں بنانے اور فراہم کرنے کی تصدیق کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شارجہ اور عجمان کے بعد یو اے ای کی ایک اور ریاست ام القوین کی پولیس نے بھی ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ، یہ اقدام امارات کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کی تقریبات کا حصہ ہے ، رہائشی 1 دسمبر 2021 سے 6 جنوری 2022 تک رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، یہ رعایت 31 اکتوبر 2021 سے پہلے کی گئی خلاف ورزیوں پر لاگو ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ شارجہ اور عجمان میں گاڑیاں رکھنے والے افراد نے پہلے ہی دونوں امارات میں ٹریفک جرمانوں پر رعایت حاصل کرنا شروع کر دی ہے ، 50 ویں قومی دن کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری تقریبات کی مناسبت سے شارجہ پولیس نے شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کی بنیاد پر ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ، یہ رعایت 21 نومبر سے پہلے جاری کیے گئے جرمانوں پر ملے گی ، جن کی ادائیگی کے لیے ونڈو 31 جنوری 2022ء تک کھلی ہے ۔

اسی طرح عجمان کے رہائشیوں کو 21 نومبر سے 31 دسمبر تک ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت دی گئی ہے ، اس 40 روزہ خصوصی آفر کے تحت اپنے بلیک پوائنٹس کینسل اور ضبط شدہ گاڑیاں بھی چھڑائی جاسکتی ہیں ، عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے کہا کہ یہ آفر 14 نومبر سے پہلے درج کی گئی تمام ٹریفک خلاف ورزیوں پر لاگو ہوتی ہے تاہم اس میں ایسے جرائم کا احاطہ نہیں کیا گیا جو لاپرواہی سے ڈرائیونگ سے متعلق ہیں جن سے ٹریفک یا دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو اور بغیر لائسنس کے گاڑی کا انجن یا چیسس تبدیل کرنے پر بھی اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں