شارجہ میں سستے فلیٹس کی مانگ بڑھ گئی‘ کرایوں میں اضافہ

دبئی کے قریب ترین علاقوں میں واقع متعدد رہائشی ٹاورز مکمل طور پر بُک ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 دسمبر 2022 16:33

شارجہ میں سستے فلیٹس کی مانگ بڑھ گئی‘ کرایوں میں اضافہ
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 دسمبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں نئے کرایہ دار زیادہ کرایہ ادا کریں گے کیوں کہ سستے فلیٹس کی مانگ بڑھ رہی ہے اور دبئی کے قریب ترین علاقوں میں واقع متعدد رہائشی ٹاورز مکمل طور پر بُک ہوچکے ہیں، ایک بیڈ روم والے یونٹ جو اس سال کے شروع میں 18ہزار سے 20 ہزار درہم میں پیش کیے گئے تھے اب 22 ہزار سے 24 ہزار درہم تک پہنچ چکے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کہتے ہیں کہ ان دنوں زیادہ تر رہائشی زیادہ سستے فلیٹس میں منتقل ہونے کے خواہاں ہیں، جس کے باعث شارجہ میں کرایوں میں سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں کم از کم 15 فیصد اضافہ ہوا ہے، مبینہ طور پر متعدد رہائشی ٹاورز بھی مکمل طور پر بک ہوچکے ہیں، دبئی سے قربت کی وجہ سے النہدہ، معاویلہ اور الطوون کی مانگ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

انصار رئیل اسٹیٹ کے ایک مینیجر ریان گوائی نے کہا کہ ان کے ایک بیڈ روم والے یونٹ اب 22 ہزار تا 24 ہزار درہم کرائے پر دیئے جا رہے ہیں جو اس سال کے شروع میں تقریباً 18ہزار سے 20 ہزار درہم میں کرائے پر بک ہورہے تھے، 700 سے زیادہ رہائشی یونٹس پر مشتمل چار ٹاورز کے ساتھ سال شروع ہونے پر انصار رئیل اسٹیٹ کے پاس تقریباً 70 فلیٹس خالی تھے لیکن وہ پچھلے ہفتوں میں تیزی سے بک ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تقریباً 30 فون کالز موصول ہو رہی ہیں جن سے خالی فلیٹوں کے بارے میں پوچھا جا رہا ہے، ان میں ایک اور دو بیڈ روم والے دونوں یونٹوں کی بہت مانگ ہے، اب ہمارے پاس صرف چند یونٹس خالی ہیں اور اگلے چند دنوں میں وہ بھی کرائے پر چلے جائیں گے، اس وقت النہدہ میں دو بیڈ روم کا فلیٹ جو پہلی سہ ماہی میں درہم 24 ہزار درہم میں دستیاب تھا، اب 30 ہزار میں پیش کیا جا رہا ہے۔

بدر المرزوقی ریئل اسٹیٹ کے ایریا مینیجر سجاد علی نے بھی ایسا ہی رجحان دیکھا ہے، علی نے کہا کہ ہم نے ان تمام عمارتوں میں تقریباً 100 فیصد بکنگ کو ریکارڈ کیا ہے جن کے ساتھ ہم ڈیل کرتے ہیں، ہماری فرم 5000 سے زیادہ اپارٹمنٹس کے ساتھ 50 سے زیادہ رہائشی ٹاورز کو کنٹرول کرتی ہے، النہدہ میں ایک بیڈ روم والے یونٹوں کا کرایہ 20 ہزار سے بڑھ کر 23 ہزار درہم ہو گیا ہے، جب کہ دو بیڈ روم والے اپارٹمنٹس کے لیے 26 ہزار درہم سے بڑھ کر 30 ہزار سے 32 ہزار درہم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد بہت سے رہائشیوں نے ہمیں بتایا ہے کہ انہیں اپنی اجرت میں تقریباً 20 فیصد کٹوتی ملی ہے، شاید یہ ایک وجہ ہو سکتی ہے کہ وہ لوگ رہائش کیلئے شارجہ کو منتخب کررہے ہیں، لوگ جس وجہ سے شارجہ منتقل ہونے پر غور کر رہے ہیں، ان میں سستا اور اچھا معیار زندگی، مالز اور شاپنگ کمپلیکس تک آسان رسائی، آس پاس سکول اور بہت کچھ ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں