شارجہ میں ٹریفک چالان کی ادائیگی پر خصوصی رعایت مل گئی

مارچ 2023ء کے دوران ٹریفک چالان جمع کرانے پر 50 فیصد رعایت دینے کے فیصلے پرعمل درآمد شروع کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 مارچ 2023 08:17

شارجہ میں ٹریفک چالان کی ادائیگی پر خصوصی رعایت مل گئی
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2023ء) شارجہ میں ٹریفک چالان کی ادائیگی پر خصوصی رعایت کا اعلان کردیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق شارجہ ٹریفک پولیس کی طرف سے مارچ 2023ء کے دوران ٹریفک چالان جمع کرانے پر 50 فیصد رعایت دینے کے فیصلے پرعمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت چالان پر دیے جانے والے 50 فیصد ڈسکاؤنٹ کا سلسلہ 31 مارچ تک جاری رہے گا، اس دوران جو افراد چالان جمع کرائیں گے انہیں رعایت دی جائے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ کمشنری کی ایگزیکیٹو کونسل نے ٹریفک چالان کی ادائیگی میں رعایت دینے کا فیصلہ جاری کیا، جس پر یکم مارچ سے عمل درآمد شروع ہوچکا ہے، اس حوالے سے شارجہ ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر کرنل محمد علائی النقبی نے کہا کہ ٹریفک چالان پر دی جانے والی رعایت کا مقصد لوگوں کو جلد از جلد چالان کی رقم جمع کرانے کی ترغیب دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چالان پر رعایت 31 مارچ سے پہلے تک میسر رہے گی، جن میں قدیم چالان بھی شامل ہیں، چالان کی ادائیگی اور رعایت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے گاڑی چلانے والے تین پلیٹ فارمز کے ذریعے جرمانے کی ادائیگی کر سکتے ہیں؛

1. وزارت داخلہ ایپ 'MOI UAE'
2. 'شارجہ پولیس' ایپ
3. 'سہل' ڈیوائسز، جو کہ ایک سیلف سروس پیمنٹ کیوسک ہے جو شارجہ کے بڑے شاپنگ مالز اور امارات کے پولیس اسٹیشنوں میں مل سکتی ہے۔

>>> شارجہ ٹریفک جرمانہ ڈسکاؤنٹ بریک ڈاؤن
• اگر آپ مارچ میں اپنے ٹریفک جرمانے ادا کرتے ہیں تو آپ کو 50 فیصد رعایت ملے گی۔
• اگر آپ 1 اپریل سے اپنا ٹریفک جرمانہ ادا کرتے ہیں تو آپ کو 35 فیصد رعایت ملے گی اگر ادائیگی آپ نے خلاف ورزی کے دن سے 60 دنوں کے اندر کی ہے۔
• اگر خلاف ورزی کی تاریخ سے 60 دنوں کے بعد ادائیگی کی جاتی ہے تو آپ کو صرف 25 فیصد رعایت ملے گی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں