ابو ظہبی میں خوفناک ٹریفک حادثہ‘ 3افراد ہلاک اور 44زخمی

کار سوار کی جانب سے موبائل فون کا استعمال حادثے کی وجہ بنا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 جولائی 2018 12:59

ابو ظہبی میں خوفناک ٹریفک حادثہ‘ 3افراد ہلاک اور 44زخمی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جُولائی 2018) ابو ظہبی میں الشوامخ برِج پر ایک مسافربس اور دو کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زندگی سے محروم جبکہ 44 زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس اور گاڑیاں ابو ظہبی کی جانب جا رہی تھیں۔ ابو ظہبی کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر سالم عبداللہ بن برک الظیہری نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ایک کار ڈرائیور اس حادثے کا ذمہ دار ہے جو دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون پر بات چیت میں مصروف تھا‘ اُس نے بے دھیانی میں اچانک اپنی تیز رفتار کار کو دوسری لین پر منتقل کیا جس کے باعث وہ پیچھے سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی۔

پولیس کو اس حادثے کی اطلاع سوموار کی صبح سات بجے ملی جس پر ریسکیو اور ایمبولینس ٹیمیں فوراً جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو ابو ظہبی کے المفرق ہسپتال اور الرہبا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 84 فیصد خلاف ورزیوں کا تعلق تیز رفتاری سے تھا۔ جبکہ گزشتہ سال ٹریفک خلاف ورزیوں میں سے 78 فیصد کا تعلق تیز رفتاری سے ثابت ہوا‘ جس کے باعث پینتالیس لاکھ افراد کو جرمانوں کی سزا ہوئی۔

2017ء کے دوران 30,402 افراد کو دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ گزشتہ سال بھی دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کے باعث رُونما ہونے والے ٹریفک حادثوں میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2017ء کے دوران امارات میں 48فیصد ٹریفک حادثوں کی وجہ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال تھا۔

امارات میں ٹریفک قانون کی رُو سے گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال کرنے پر آٹھ سو اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور ڈرائیونگ لائسنس میں چار بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو جاتا ہے۔ اچانک لین تبدیل کرنے پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ اور چار بلیک پوائنٹس کی سزا ہے۔ جبکہ سڑک پر اچانک خطرناک طریقے سے گاڑی چڑھانے پر چھے سو درہم اور چھ بلیک پوائنٹس کی سزا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں