جمعیت علما اسلام کے زیراہتمام الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا

جے یو آئی کے کارکنوں کی جانب سے اللہ والا چوک قطر مسجد سے ڈی آر او ڈی سی آفس بدین تک احتجاجی ریلی نکالی گئی

بدھ 14 فروری 2024 21:40

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2024ء) جمعیت علما اسلام کے زیراہتمام الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا، جے یو آئی کے کارکنوں نے اللہ والا چوک قطر مسجد سے ڈی آر او ڈی سی آفس بدین تک احتجاجی ریلی نکالی اور آفس کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کرتے ہوئے دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام ف کی اپیل پر جے یو آئی کے سیکڑوں کارکنوں نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اللہ والا چوک قطر مسجد سے جی یو آئی کے رہنمائوں مولانا فتح محمد مہری ، مولانا محمد عیسی سموں اور مولانا عبدالوحید فاروقی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ڈی سی بدین کے آفس تک احتجاجی ریلی نکالی اور آفس کے سامنے دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمعیت علما اسلام کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے عام انتخابات کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ عوام کسی صورت اس الیکشن کو قبول کرنے کو تیار نہیں ۔مقررین نے کہاکہ اگر سندھ میں سابق حکومت کے کرپٹ اور شکست خور امیدواروں کو دھاندلی کے زور پر کامیاب کر کے عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو جمہوریت اور ملک کو ناتلافی نقصان سے کوئی نہی بجا سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اس فراڈ الیکشن کو یکسر رد کرتی ہے احتجاجی مظاہرین نے عدلیہ اور فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ بھی کیا -اس موقع پر کارکنوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈی آر اوز اور اے آر اوز کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام کی مرکزی شوری اور قیادت نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں بھرپور عوامی تحریک چلانے کا جو فیصلہ کیا ہے جمعیت علما اسلام کے کارکن اس کے لئے تیار ہیں اور ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر سطح پر گہرا کریں گے .

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں