جو ہوا ہے قانون کے مطابق ہوا ہے اللہ ہدایت دے، جہانگیر ترین

کوئی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہیے، افسوس ہے مگر اب جو کیا وہ بھگتنا پڑ رہا ہے،ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 30 جنوری 2024 16:08

جو ہوا ہے قانون کے مطابق ہوا ہے اللہ ہدایت دے، جہانگیر ترین
ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جنوری2024 ء) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں ملنے والی سزا پر کہا ہے کہ جو ہوا ہے قانون کے مطابق ہوا ہے اللہ ہدایت دے، کوئی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہیے،افسوس ہے مگر اب جو کیا وہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کاکہنا تھا کہ کسی کو سزا ہو تو دکھ ہوتا ہے لیکن یہ کام ہونا نہیں چاہیے تھا۔ سائفرکیس کا ٹرائل ہوا تھا اب سزا ہوئی ہے،یہ جج صاحب کا فیصلہ ہے اس کا احترام ہم سب کو کرنا چاہئے۔واضح رہے کہ آج سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا سنائی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔جج بوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے کہا کہ آپ کے وکلاءحاضر نہیں ہو رہے، آپ کو سٹیٹ ڈیفنس کونسل فراہم کی گئی۔

وکلاءصفائی نے سوال کیا کہ ہم جرح کر لیتے ہیں جس پر جج نے وکلاءصفائی سے کہا کہ آپ نے مجھ پر عدم اعتماد کیا ہے۔بعدازاں بانی پی ٹی آئی کا 342 کا بیان کمرہ عدالت میں ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ سائفر میرے آفس آیا تھا لیکن اس کی سکیورٹی کی ذمہ داری ملٹری سیکرٹری کی تھی، اس حوالے سے ملٹری سیکرٹری کو انکوائری کا کہا تھا، انہوں نے بتایا کہ سائفر کے بارے میں کوئی کلیو نہیں ملا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے اور مختصر سماعت کے بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کو 10،10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جاتی ہے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں