شیر تو آخر بلی نکلا‘ مجھے موقع دیں‘ ملک کی قسمت بدل دوں گا، بلاول بھٹو زرداری

پرانے سیاستدان سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں بدل چکے ہیں‘ عوام نے مہنگائی لیگ کا چہرہ دیکھ لیا جن سے مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ اپر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 نومبر 2023 15:48

شیر تو آخر بلی نکلا‘ مجھے موقع دیں‘ ملک کی قسمت بدل دوں گا، بلاول بھٹو زرداری
اپر دیر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 نومبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شیر تو آخر بلی نکلا، مجھے موقع دیں تو ملک کی قسمت بدل دوں گا، امید ہے 8 فروری کوالیکشن ہوں گے اور ہم کامیاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپر دیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، اسلام آباد کے حکمرانوں کو احساس نہیں کہ عوام کتنی تکلیف میں ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے عوام کو نقصان ہو رہا ہے، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، سنگین مسائل ہیں، مشکلات سے ہم سب کو نکلنا ہو گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا ہم پہلے سیاست میں مداخلت کرتے تھے مگر اب نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے اس بیان کا خیرمقدم کیا اب ملک میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو پرانے سیاستدانوں کی انا کا مسئلہ ہے، نہیں معلوم کہ ہمارے بزرگ سیاستدانوں کے ارادے کیا ہیں، پرانے سیاستدان سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں بدل چکے ہیں، لاہور کے سیاستدان کا مسئلہ یہ ہے کہ نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دیکھ لیا، تباہی کے سوا کچھ نہیں ملا، عوام نے مہنگائی لیگ کا چہرہ بھی دیکھ لیا، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا، آپ نے مہنگائی لیگ کاچہرہ دیکھا شیر تو بلی نکلا، عوام مجھے ایک موقع دیں پختونخوا اور پاکستان کی قسمت بدل کر دکھاؤں گا۔ سابق وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں ہم ان تمام لوگوں کے ساتھ کیوں ملے تھے، ہم سمجھے کہ ہمارے اتحادی وہ ہیں جو ووٹ کی عزت کی بات کرتے ہیں، ہم نے اس لئے ان کا ساتھ دیا تھا کہ ملک کے معاشی مسائل حل ہوں، ہم پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کرتے ہیں، کیا ان لوگوں نےغریبوں کو کوئی ریلیف دیا ہے؟ ہم نے سندھ میں بے نظیرمزدورکارڈ کا پائلٹ پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے اپر دیر میں 6 ماہ میں 500 بیڈز کا اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی جانب سے استقبال پر مشکور ہوں، انہوں نے ہمارا دل جیت لیا ہے، ایبٹ آباد، پشاور اور نوشہرہ میں کنونشن کرچکا ہوں لیکن دیرکےعوام اور ان کی وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں۔

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں