کوئی الیکشن جیل سے بچنے کیلئے تو کوئی نکلنے کیلئے لڑرہا ہے : بلاول بھٹو

جمعرات 11 جنوری 2024 22:50

تاندلیانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جنوری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ باقی تمام سیاسی جماعتیں اپنی ذاتی لڑائیاں لڑرہی ہیں ، کوئی الیکشن جیل سے بچنے کیلئے لڑرہا ہے تو کوئی نکلنے کیلئے، ہم الیکشن لڑرہے ہیں تو آپ کے لیے لڑرہے ہیں،ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، آج بھی تمام جماعتوں کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں،آپ کو ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاندلیانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنانا ہے، میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں کہ آپ ہمارا ساتھ دیں، آپ نے قائدعوام اور شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا، دنیا کی کوئی طاقت آپکا راستہ نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی قسمت تبدیل کریں گے، ہم معاشی بحران سے نکلیں گے، ہم مہنگائی،بیروزگار اور غربت کا مقابلہ کریں گے، اگر کوئی کام کرسکتا ہے تو صرف پیپلز پارٹی کرسکتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ باقی سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی منشور نہیں، عوام کی طاقت سے بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، ہم اس الیکشن میں عوام کیلئے 10نکاتی ایجنڈا لیکر آئے ہیں، اگر آپ پیپلز پارٹی کو جتواتے ہیں تو ان 10نکات پر عمل کروں گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ گھر گھر جاکر بتائیں ہم آپکی آمدن اور تنخواہ ڈبل کریں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں 300یونٹ مفت بجلی غریب عوام کو ملے گی، پیپلز پارٹی کی حکومت میں تعلیم مفت ہوگی، یونیورسٹی قائم کروں گا، صحت کے شعبے میں مفت اور معیاری علاج ہوگا، میں چاہتا ہوں پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ میں مفت علاج دوں ۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب کے لوگ جب بیمار ہوتے ہیں تو انکو لندن جانا پڑتا ہے، آپ میری حکومت بنوائیں ہم ایسی صحت کی سہولت دیں گے کہ انکو لندن نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ دلوانا ہے، ہم مزدور کے بچے کی تعلیم اورروزمرہ ضرورت کی چیزیں پوری کریں گے، ہم اپنے سٹوڈنٹس کو یوتھ کارڈ اور سٹوڈنٹس لون دلوائیں گے اور جب نوجوانوں کو روزگار مل جائے گا تو وہ یہ قرض واپس کردیں گے۔

، کسانوں کو فرٹیلائزر اور بیمے سمیت تمام سہولیات پہنچائیں گے، پنجاب کے کسانوں کے لیے بینظیر کسان کارڈ لیکر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 30لاکھ بے گھروں کے لیے گھربنا رہا ہوں، مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے ایک سال کے لیے مالی مدد فراہم کریں گے، طلبہ کو بلاسود قرض فراہم کریں گے، ملازمت ملنے پر طلبہ اپنا قرضہ واپس کرسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر یونین کونسل میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، بھوک کا مقابلہ کرنے کے لیے اسکولوں میں بھی بچوں کو کھانا کھلائیں گے۔بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ ہم نے نفرت،تقسیم اور پرانی سیاست کو دفن کرکے نئی سوچ لیکر آنی ہے، ہم نئی سوچ سے مسائل کا مقابلہ کریں گے، آپ نے ساتھ دیا تو جیت آپکی،تیر کی اور پیپلز پارٹی کی ہوگی۔۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں