فیصل آباد پولیس نے 22 روز قبل قتل ہونے والے شہری کے قاتل گرفتارکرلئے

بدھ 17 اپریل 2024 20:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) فیصل آباد پولیس نے 22 روز قبل قتل ہونے والے شہری کے قاتل گرفتارکرلئے،ملزمان نے اقبال جرم کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ ڈگلس پورہ بابا لسوڑی شاہ دربار کے قریب 21 روز قبل قتل ہونے والے شہری کے مقدمے کا ڈراپ سین ہو گیا، شہری کو بیرون ملک میں مقیم کزن نے شوٹر کے ذریعے قتل کروایا جبکہ جھنگ بازار پولیس نے شوٹر شعیب ،پولیس کانسٹیبل طلحہ اور اس کے تین ساتھیوں رضوان، زین اور شہزاد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق مصطفی آباد کا رہائشی مقتول ذیشان 27مارچ کو اپنی اہلیہ شازیہ کے ہمراہ عید کی خریداری کر کے موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ لسوڑی شاہ دربار روڈ پر تعاقب میں آنیوالے موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

جھنگ بازار پولیس نے مقتول کی اہلیہ شازیہ بی بی کی مدعیت میں انگلینڈ میں مقیم مقتول کے کزن حسن خان اور نامعلوم شوٹر کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

تھانہ جھنگ بازار پولیس نے دوران تفتیش شوٹر شعیب کو چار ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا، ذیشان احمد کے قتل میں گرفتار ہونیوالوں میں تھانہ سٹی جھنگ کا کانسٹیبل طلحہ بھی ملوث نکلا۔شوٹر نے مقتول کے مخالفین سے رقم لیکر ساتھیوں کے ہمراہ ذیشان کو قتل کیا۔دیگر ساتھیوں میں رضوان’ زین اور شہزاد کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو انہوں نے اعتراف جرم کر لیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں