وزیر اعظم عمران خان کی کوشش سے پہلی دفعہ مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے پیش ہوا ہے اوراب سب یہ تسلیم کر رہے ہیں

کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں بابر اعوان،عامر کیانی اور افتخار درانی کی گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس

ہفتہ 24 اگست 2019 00:07

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بابر اعوان،عامر کیانی اور وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی افتخار درانی نے گلگت پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ آج بیسویں دن بھی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے وہاں کے لوگ شدید پریشان ہیں۔وہاں کے لوگ اس وقت پوری دنیا سے کٹ کررہ گئے ہیں،خوراک اور دوائیوں کی شدید قلّت پیدا ہوگئی ہے۔

پہلی دفعہ پاکستان کی کسی حکومت نے اس مسلئے پر کھلا سٹینڈ لیا ہے۔چھ دفعہ امریکہ کے صدر نے اس پر بات کی ہے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی کوشش سے پہلی دفعہ یہ مسئلہ ساری دنیا کے سامنے پیش ہوا ہے اوراب سب یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے ۔جس کی وجہ سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت خطے میں دو ایٹمی ممالک نہیں بلکہ تین ہیں۔

انڈیا نے چین کے بھی کچھ علاقوں کو ہتھیانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رک ہے، کوئی قوم شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔ وزیراعظم نے اپنے چار روزہ دورہ امریکہ میں ایک دن احتجاج کوشاملِ کیا ہے۔تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں اس احتجاج کے حق میں ہیں۔۔بھارت میں اس وقت 32علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔اس لیے اس طرح سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں یہ ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔

آج تک جب بھی کشمیر پر کسی نے بات کی ہمیں دھشت گرد کہا گیا۔ پہلی دفعہ عمران خان نے اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا اور مودی فاشسٹ کا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔مقبوضہ کشمیر کے اندر آر ایس ایس کے غنڈوں نے پچیس ہزار عورتوں کی بے حرمتی کی،ہم بھارتی فوج کو بھی آ ر ایس ایس کے غنڈے سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سارے ادارے ایک پیچ پر ہیں۔ کسی صورت مودی کو کشمیر میں ظلم کرنے نہیں دیں گے۔ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔۔پچھلی جماعتوں نے اس ملک کو بے دردی سے لوٹا۔اب سب کا احتساب ہوگا۔۔سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں گلگت بلتستان کے لوگوں کو تمام حقوق دیں جائیں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں