ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں، مریم نواز

یہ دونوں کوئی معمولی واقعات نہیں ان کے پیچھے پوری داستان ہے،8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑے گا،حافظ آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 جنوری 2024 16:58

ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں، مریم نواز
حافظ آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18جنوری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں، 28 مئی والوں نے ملک بنایا اور 9 مئی والے ملک میں آگ لگانے والے ہیں۔ حافظ آباد میں (ن) لیگ کے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہنا تھا میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا جو بھی ہو جائے نواز شریف کو واپس لے کر آوں گی، آج میں الحمدللہ نواز شریف کو آپ کے پاس لے آئی ہوں، اس جدوجہد میں اگر آپ میرا ساتھ نہ دیتے تو یہ ممکن نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 28 مئی یہ دونوں کوئی معمولی واقعات نہیں ان کے پیچھے پوری داستان ہے۔ ایک تاریخ پاکستان کو سنوارنے کی ہے اور ایک تاریخ اجاڑنے کی۔ 9 مئی اور28 مئی دوالگ الگ واقعات نہیں بلکہ پاکستان کی 76سال کی تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

8 فروری کوحافظ آباد سمیت پورے ملک میں شیر دھاڑے گا۔ جس شخص نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا وہ آج یہاں بیٹھا ہے۔ مریم نواز نے مزیدکہا کہ 9 مئی والے چار سال رہنے کے باوجود ملک میں مہنگائی کو لانے کے ذمہ دار ہیں، جب کہ 28 مئی والوں نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں روزگار اور لیپ ٹاپ دئیے، ملک میں روٹی سستی کی اور سڑکوں کا جال بچھایا، حافظ آباد والے بتائیں وہ 8 فروری کو 28 مئی والوں کا ساتھ دیں گے یا نو مئی والوں کا ؟ انہوں نے کہا کہ 28 مئی والوں نے ملک کوسنوارااور ترقی دی جبکہ 9 مئی والوں نے ملک کو بگاڑا،یہ لوگ پاکستان کی تباہی کے ذمہ دارہیں۔

ایک تاریخ پاکستان کو سنوارنے کی ہے اور ایک تاریخ اجاڑنے کی ہے جو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا، 28 مئی والوں نے ملک کو بنایا جب کہ 9 مئی والے ملک میں آگ لگانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سائرہ افضل تارڑ کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مشکل حالات میں بھی نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں روٹی 2 روپے کی جبکہ 9 مئی والوں نے غریب کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا۔ ملک میں22 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کوصرف نواز شریف نے ختم کیا تھا ۔ یہاں کارخانے لگائے گئے تھے روزگار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کل یہی سوچتے ہیں کہ ملک سے مہنگائی کاخاتمہ کیسے کیا جائے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں