ہنگو،صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی اشد ضرورت ہے، عامر غنی

پیر 28 مارچ 2022 16:13

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2022ء)صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی اشد ضرورت ہے،  ہنگو میں مقابلے کے میدان آباد کرنا اور سماجی زندگی کو ٹریک پر لانا اولین ترجیح ہے۔ نوجوان جیم اور کھیلوں کے میدانوں کا رخ کریں، فٹنس کے عمل میں سے گزر کر ہم پر کشش خدوخال کے مالک بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل چئیر مین عامر غنی نے ہنگو پاٹک کے مقام پر حیدر پیر کے پلازے میں قائم ونیم فٹنس جیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد اور علاقہ مشران بھی موجود تھے۔ عامر غنی نے کہا کہ پی ٹی سی کے قریب ونیم فٹنس جیم کا قیام نیک شگون ہے جس سے نوجوان نسل کو بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔ تحصیل چئیر مین عامر غنی نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے۔انہوںنے کہا کہ نئی نسل کو اخلاقی و سماجی الجھنوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں اور مقابلوں کے میدانوں کو آباد کرنا  اور صحت مندانہ پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرنا وقت کا تقاضا ہے۔اس موقع پر معروف سماجی و کاروباری شخصیت حیدر پیر نے کہا کہ وہ ہنگو میں مثبت سرگرویوں اور ایونٹس کی حسب روایت حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں