شہید پولیس اہلکار صادق اللہ کی نماز جنازہ ہنگو پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

جمعہ 10 نومبر 2023 19:50

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2023ء) ہنگو کے نواحی علاقہ سروزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہید ہونے پولیس اہلکار صادق اللہ کی نماز جنازہ ہنگو پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر خان، ڈی پی او اورکزئی صلاح الدین کنڈی، ڈی پی او ہنگو نثار احمد خان، ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ، ڈسٹرکٹ آفیسر فرنٹیئر کانسٹیبلری ہنگو لیفٹیننٹ کرنل ارشاد عالم، سول و پولیس حکام اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے گئے اور مغفرت کے لئے خصوصی دعا مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں شہید پولیس اہلکار کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے غلجو اورکزئی روانہ کر دیا گیا جہاں جمعہ کے روز شہید کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہنگو کے نواحی علاقہ سروزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار صادق اللہ ولد زلمان شاہ سکنہ ربیعہ خیل اور کزئی پر دوران ڈیوٹی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگیا تھا۔ شہید اہلکار اورکزئی پولیس میں تعینات تھا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں