اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات

پیر 19 نومبر 2018 17:39

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔ پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، چیمبر کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین خالد ملک اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان کاروباری و اقتصادی ترقی کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے جس کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں پائے جانے والے کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان برآمدات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے حکومتی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی ممالک سے لوگ پاکستان آئیں اور اس کی کاروباری صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو مزید موثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے جس سے پاکستان بہتر طریقے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرسکتا ہے۔

سعودی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے تا کہ غیرملکی سرمایہ کار ان کے ملک میں دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکیں پاکستان کے سرمایہ کاروں کیلئے بھی یہ اچھا موقع ہے کہ وہ سعودی عرب میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی کوشش کریں تا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباری مواقعوں سے بہتر فائدہ اٹھاسکے۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ سعودی سفارتخانے کا کمرشل سیکشن سعودی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ وہ ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوںنے کہا کہ چیمبر اپنا ایک وفد سعودی عرب کیلئے تشکیل دے اور سفارتخانہ اس کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

ا س موقع پر اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ چیمبر کا وفد دسمبر یا جنوری میں سعودی عرب کا دورہ کرے گا تاکہ باہمی تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے تا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کاروباری شراکتوں کے تمام ممکنہ مواقع تلاش کر سکیں جس سے دونوں کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں