پی ڈی ایم کی فتح پر اللّہ تعالیٰ کا شکر،یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد

جعلی مینڈیٹ عوامی نمائندوں نے واپس چھین لیا، ووٹ چور کرسی چھوڑ، شاباش ارکان قومی اسمبلی مسلم لیگ ن! مستقبل آپ کا ہے انشاءاللّہ۔ مرکزی نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 مارچ 2021 19:17

پی ڈی ایم کی فتح پر اللّہ تعالیٰ کا شکر،یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2021ء)   پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد، پی ڈی ایم کی فتح پر اللّہ تعالیٰ کا شکر ہے، جعلی مینڈیٹ عوامی نمائندوں نے واپس چھین لیا، ووٹ چور کرسی چھوڑ، شاباش ارکان قومی اسمبلی مسلم لیگ ن! مستقبل آپ کا ہے انشاءاللّہ! انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اللّہ تعالیٰ کا شکر جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔

جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا۔ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔تمھارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ووٹ چور کرسی چھوڑ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب کو دلی مبارکباد۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد۔ مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش۔

نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے  سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن ! مستقبل آپ کا ہے۔ انشاءاللّہ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لے لیا اور چیرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانے کا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عوام اور انکے نمائندوں نے ڈرنے سے انکار کر دیا۔

جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔ اسی طرح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جیت پر جئے بھٹو کا نعرہ بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے بھٹو!جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ واضح رہے آج قومی اسمبلی اور تین صوبوں سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں سینیٹ کا الیکشن ہوا، اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

خواتین کی نشستوں پرتحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے 174ووٹ لے کرمدمقابل ن لیگ کی امیدوار فرزانہ کو شکست دے دی ہے، فرزانہ نے 161ووٹ لیے ہیں۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی کے مطابق حفیظ شیخ یوسف رضاگیلانی کے مقابلے میں ہار گئے ہیں حکمران جماعت تحریک انصاف کی یہ شکست بلاشبہ ایک بڑی شکست ہے کیونکہ حکمران اتحاد کے پاس 180جبکہ اپوزیشن کے پاس 160کے قریب ووٹ تھے ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو 169 جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے. پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان خواتین کی نشست پر 60 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب خواتین کی نشست پر 57 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں آزاد امیدوار عبدالقادر جنرل نشست پر کامیاب ہوئے. جے یو آئی (ف) کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے۔

بی این پی (مینگل) کے محمد قاسم نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ارباب عمر فاروق جنرل نشست پر کامیاب ہوئے بی اے پی کے منظور احمد کاکڑ جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے‘بی اے پی کے سرفراز احمد بگٹی نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی. بی اے پی کے پرنس احمد عمر احمد زئی جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے ایوان بالا کی ان 37 نشستوں پر آج ہونے والے انتخابات کے لیے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مجموعی طور پر 78 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار گزشتہ ماہ دیگر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے یا نااہل ہونے کے بعد بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں