وزیراعظم کے رواں ماہ کے آخر میں دورہ سعودی عرب کا امکان

دورے میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے دورہ پاکستان میں ہونے والے معاہدوں پر دستخط کی توقع ظاہر کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 16:33

وزیراعظم کے رواں ماہ کے آخر میں دورہ سعودی عرب کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف کے رواں ماہ کے آخر میں دورہ سعودی عرب کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 28 اور 29 اپریل کو ورلڈ اکنامک فورم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دنیا بھر سے رہنما شرکت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں سرمایہ کاری کونسل میں بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ 28 اور 29 اپریل کو وزیراعظم کے ممکنہ دورے کے دوران اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران آج ہونے والے معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے، تاہم اگر دورے کے دوران معاہدوں پردستخط نہ ہوسکے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مئی میں دورہ پاکستان کے موقع پر ان معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی ،سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاوٴس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا، اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی، تمام وزراءنے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز دی گئیں، وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، سعودی وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش کی گئی، تجویز کے تحت ہوٹلز کیلئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے گایا پھر وہ ہوٹل بنالے، اس کے علاوہ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں