ایرانی صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، اسرائیل سے صورتحال ابھی پیدا ہوئی، اس کا دورے سے کوئی تعلق نہیں ،اسحاق ڈار

اگر بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سوئے ہوئے ہیں، بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے، وزیر خارجہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2024 18:04

ایرانی صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، اسرائیل سے صورتحال ابھی پیدا ہوئی، اس کا دورے سے کوئی تعلق نہیں ،اسحاق ڈار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، ایران اور اسرائیل کے درمیان صورتحال ابھی پیدا ہوئی اس کا اس دورے سے کوئی تعلق نہیں،اگر بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سوئے ہوئے ہیں، بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔

میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر دفتر خارجہ نے اپنا بیان جاری کیا تھا، سربراہ مملکت کے دورے فوری طور پر پلان نہیں ہوتے، ایرانی صدر کا دورہ 22، 23 اور 24 اپریل کو ہوگا۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں سعودی وفد کے دورے پر سیاست کررہی ہیں جو افسوسناک ہے۔ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند رہا، حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے جو اقدامات کیے ہیں اسے سراہا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی وفد نے سرمایہ کاری کے لیے اقدام کی تعریف کی ہے، ہماری خارجہ امور سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن امن ہے، ہم مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، ہم غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی ایک جیسی ہے میرے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم سفارت کاری کو معاشی و اقتصادی سفارتکاری کی جانب لے کر جارہے ہیں۔

28،29 اپریل کو سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس ہونے جارہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے، ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا گیمبیا میں اجلاس ہے، 2 اور 3 مئی کو او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، او آئی سی سربراہی اجلاس 4 اور 5 مئی کو ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2018 میں مستحکم ہو رہی تھی، سیاست کو ملکی مفاد پر مقدم نہیں سمجھنا چاہیے، گزشتہ دور میں 2013 کے بعد کی تمام محنت رائیگاں کردی گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مجھے افغانستان کے دورے کی دعوت آئی ہوئی ہے مناسب وقت پر دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، سفارتی امور کو حتمی شکل دینے کے بعد امید ہے دورہ ہوگا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم سوئے ہوئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم اور میں او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے گیمبیا جائیں گے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ رات شراکت داروں کیساتھ وزارت خارجہ میں اجلاس ہوا، افغان وزیر خارجہ نے مبارکباد کا فون کیا تو دورے کی دعوت بھی دی۔انہوںنے کہاکہ وقت آنے پر افغانستان کا دورہ ضرور کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں