چوہدری انوارالحق کی انجینئر امیر مقام سے ملاقات ہوئی،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 18 اپریل 2024 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق اور وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کے درمیان جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال،آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے جملہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے پاکستان کی سیاسی،اخلاقی و سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔کشمیری عوام اپنے جائز حق خودارادیت کیلئے جو جدوجہد کر رہے ہیں وہ انشائاللہ اس میں کامیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کی۔

انہوں نے وزیراعظم کو آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،آزادکشمیر حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کا تعاون جاری رہے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے انجینئرامیر مقام کو وفاقی وزارت امور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں کشمیری عوام خانہ کعبہ کے بعد پاکستان کی سرزمین کے ساتھ والہانہ محبت کرتے ہیں۔سبز ہلالی پرچم کی محبت میں کشمیری عوام نے جان،مال اور اولاد کی قربانیاں دی ہیں اور مسلسل دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر سے آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں