ہماری خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے،کیپٹن حسین خان شہید نے تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کیا ، صوبیہ کمال

منگل 23 اپریل 2019 18:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان صوبیہ کمال نے کہا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے،کیپٹن حسین خان شہید نے تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کیا ہمیں ان کے ویژن کو آگے لے کر چلنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہر مسئلہ کا بہترین حل صرف مذاکرات ہیں ، بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل پریس کلب میں کیپٹن حسین خان شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبیہ کمال نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کر کے زندگی گزارنے کا حق ملنا چاہیے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستان کے ساتھ چھیڑ خانی کر کے اپنا انجام دیکھ لیا اسے دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق کشمیر سے نہیں مگر میری زندگی کا ایک حصہ کشمیر میں گزرا ہے اور میں کشمیریوں کی آواز بلند کرنا چاہتی ہوں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنما عبد الحمید لون نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح اجاگر کرنے کے لئے مزید ٹھوس اقدامات کرے اور پارلیمنٹ کا فلور اس مقصد کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ بھارت مسئلہ کشمیر کو دبانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے جسکا ہمیں منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے ہمیں کیپٹن حسین خان شہید کے ویژن کو آگے لے کر چلنا ہو گا۔ اس موقع پر سردار محمد اسحاق خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کیپٹن حسین خان کو اہم مقام حاصل ہے۔ انہوں نے آزاد جموں کشمیر ریاست کے قیام میں نہایت کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کشمیر کے تعلق رکھنے والے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں