اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں پرائیویسی و ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 29 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں پرائیویسی و ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی درخواست نمٹا دی ۔ جیل رولز کی شق 265 کو چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ جمعہ کے روز شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت کے موقع پر عدالت میں 26 اور 28 مارچ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی رپورٹ جمع کرا دی گئی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ پٹیشنز مطمئن ہیں تو بانی پی ٹی سے ملاقات کرانے کی درخواست نمٹا دیتے ہیں ، جیل رولز سے متعلق شق چیلنج کرنے کی درخواست پر عدالتی معاون نے وقت دینے کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کر لی ۔ عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے جیل رولز کے حوالے سے مختلف بھارتی عدالتوں کی ججمنٹس عدالت میں پیش کیں۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ آپ یہ کام پہلے بھی کر سکتے تھے ۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم نے دو دن میں ایس او پیز فائنل کر لئے ہیں ، جیل رولز کے حوالے سے پنجاب حکومت میں شق 265 کی مختلف تعریف ہے، ویب سائٹ پر جیل میں ہفتے میں دو بار ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔ عدالت نے عدالتی معاون کی استدعا پر کیس کی مزید سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں