طاہر محمود اشرفی کا اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بعد اس سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روڈ ٹو مکہ سہولت کے کامیاب آغاز کا خیر مقدم

اتوار 12 مئی 2024 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے پرکامیاب نفاذ کے بعد رواں سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روڈ ٹو مکہ سہولت کے کامیاب آغاز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ توسیعی منصوبہ حجاز مقدس کا سفر کرنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ دونوں ممالک کی مشترکہ کاوش ہے جس سے سعودی عرب کا سفر کرنے والے پاکستانی عازمین کے لیے امیگریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مندرجہ ذیل ہوائی اڈوں پر مخصوص امیگریشن کائونٹرز اور سہولیات کے قیام سے مجموعی تجربے میں اضافہ ہوگا، انتظار کے اوقات میں کمی آئے گی اور زائرین کے لئے پریشانی سے پاک سفر کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر روڈ ٹو مکہ منصوبے پر عمل درآمد سندھ اور ملحقہ علاقوں سے آنے والے ہزاروں عازمین حج کے لیے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، عازمین حج کے لئے مخصوص سہولیات کی دستیابی سے توقع ہے کہ مصروف ترین حج سیزن کے دوران رش میں نمایاں کمی آئے گی اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کی توسیع دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سعودی عرب اور پاکستانی حکومتوں کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوستی کا ثبوت ہے بلکہ مقدس سرزمین کے مقدس سفر پر جانے والے عازمین حج کو غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے مشترکہ وژن کا بھی مظہر ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے اس امید کا اظہار کیا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پاکستان بھر کے دیگر ہوائی اڈوں تک مزید وسعت دی جائے گی کیونکہ حکام حج کے مجموعی تجربے پر اس کے مثبت اثرات کے بارے میں پرامید ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کی سہولت اور فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کی جانب سے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنی گزشتہ حکومت کے دور میں روڈ ٹو مکہ منصوبے کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر یہ سہولت قائم کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ دریں اثنا پاکستان علما کونسل (پی یو سی) نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے جس میں فلسطینیوں کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی اہلیت کا اعادہ کیا گیا ہے۔

اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں پی یو سی کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اس عظیم الشان اقدام کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ قرار داد آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لئے عالمی برادری کی غیر متزلزل حمایت کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے تمام ارکان پر زور دیا کہ وہ فلسطین کی مستقل رکنیت کی حمایت کریں اور اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کریں جس سے بے گناہ شہریوں کا بے رحمانہ قتل عام بند ہوسکے۔ انہوں نے قرارداد پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ممالک، خاص طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی، ایران اور دیگر معاون ممالک کا شکریہ ادا کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں