سندھ میں خوفناک ژالہ باری

کوٹری میں گیند کے حجم جتنے اولے پڑنے سے اموات ہونے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی بدھ 31 مئی 2023 00:21

سندھ میں خوفناک ژالہ باری
کوٹری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2023ء) سندھ میں خوفناک ژالہ باری ، کوٹری میں گیند کے حجم جتنے اولے پڑنے سے اموات ہونے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقے ان دنوں شدید بارشوں اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کے ضلع جامشورو میں منگل کے روز خوفناک ژالہ باری نے تباہی مچا دی، ژالہ باری اموات کا باعث بھی بنی۔

ضلع جامشورو کے علاقے کوٹری میں شدید بارش اور ژالہ باری کے نتیجے دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور4سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سال، 8 سال اور 10 سال بتائی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ گیند کے حجم جتنے اولے پڑنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی منگل کے روز شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی، جبکہ بلوچستان کے کئی علاقے بھی طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔صوبے کے اضلاع ژوب، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، کوہلو ڈیرہ بگٹی اور دیگر شہروں میں تیز طوفانی بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

جبکہ محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی اور مشرقی سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز اسلام آباد ، پنجاب، خیبر پختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے ۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں