مقبوضہ کشمیر میں خونریزی اورکرفیو کا نفاذ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں،سید فرازاحمد

منگل 6 فروری 2024 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) آل کراچی تاجر الائنس کے نائب صدر ولیاقت آباد حیدری جیولرز کے صدر سید سرفرازاحمد نے کشمیر ڈے کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیریوں کی تحریک آزادی کے لیئے جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی تاجربرادری اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیری گزشتہ 76برسوں سے حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،بھارت کو5اگست 2019ء کے یکطرفہ،غیر قانونی اقدامات واپس اورظالمانہ قوانین کو منسوخ کرنا ہوگا، دنیا تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے لیئے کردار ادا کرے ، ان خیالات کااظہارانہوں نے کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں آل حیدری بزنس ٹریڈرز کے صدر محمد عاصم، لیاقت آباد حیدری و زرگران کے صدر شیخ شجاع الدین، لیاقت آباد حیدری زرگرا ن ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید مبشراحمد، ، لیاقت آباد حیدری جیولرز کے جنرل سیکرٹری ہارون زندانی،نائب صدر شیخ محمد نیاز، جوائنٹ سیکر ٹری آصف چاند، انفارمیشن سیکرٹری، عمران باوانی، فرحان بیگ، چیئرمین مجلس عاملہ شیخ محمد زاہد، جنرل سیکرٹری زرگران محمد حنیف، نائب صدر محمد اسد، سینئر نائب صدر محمد عامر، جوائنٹ سیکرٹری محمدامجد، خزانچی محمد ارشاد، انفارمیشن سیکرٹری طاہر بیگ و دیگر بھی موجود تھے، سید فراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کشمیریوں کے ساتھ سفارتی اور اخلاقی تعاون کے ساتھ ساتھ نظریاتی رشتوں کو پروان چڑھانے کا مظاہرہ کرتی رہے گی ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے ، خونریزی دہشت وحشت، کالے قوانین، لاک ڈاؤن اور کرفیو کا نفاذ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے اوروہاں پر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہندو توا اور انتہا پسندوں کو آباد کرنے کے لیئے کوشش کررہی ہے، انہوںنے کہا کہ کشمیر کل بھی کشمیریوں کاتھا اور ہمیشہ کشمیریوں کا ہی رہے گا، اہل کشمیر مضبوط خوشحال مستحکم جمہوری پاکستان کو اپنی جھد مسلسل کا نشان منزل سمجھتے ہیں اور کشمیری عوام پاکستان کو ا پنا ملک تصور کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت ایک تسلیم شدہ دہشت گرد ریاست ہے جو کہ عالمی قوانین کی باغی اور کشمیر پر ناجائز قابض ہے ،بھارت کے خلاف انصاف اور جنگی جرائم کی عالمی عدالتوں میں مقدمات درج ہونے ناگزیر ہو چکے ہیں، انہوںنے کہا کہ یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی کی تاجر برادری کشمیریوں کی منصفانہ،جائز جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں، بھارت کو کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا کیونکہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق ِخود ارادیت کے حصول کی واضح حمایت کے اظہار کیلئے اقوام ِمتحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال ایک قرارداد منظور کرتی ہے اس کے باوجود یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ کشمیری عوام اس ناقابل ِتنسیخ حق سے ابھی تک محروم ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں