میڈیاڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نفاذکے بجائے میڈیا سے متعلق موجودہ قوانین کو بہتر بنایا جائے،ایم کیو ایم پاکستان

اظہار رائے کی آزادی ہر صورت میں مقدم ہونی چاہئے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی میڈیا خودپر عائد ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتا ہے اور ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے،میڈیا مالکان

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پرذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والی مختلف انجمنوں جس میں اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے اور پی ایف یو جے سے تعلق رکھنے والے ایک نمائندہ وفد نے کنوینر ڈاکٹر خا لد مقبول صدیقی سے ملا قات کی اور حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر نافذ کئے جانے والے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کالا قانون قرار دیااور مزید کہا کہ اس قانون کے ذریعے حکومت آزادی اظہار پر قدغن لگانا چاہتی ہے اور حکومت کے اس فیصلے سے ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھے والے افراد میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان یہ سمجھتی ہے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل نافذ کر نے کے بجائے پہلے سے موجود قوانین کو بہتر اور قابل عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ آزادی اظہار رائے کی حامی رہی ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے ہر صورت میں مقدم رہے۔اس موقع پر وفد نے کہا کہ میڈیا اپنے اوپر عائد ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک رکھتا ہے اور وہ ملک کی ترقی، استحکام اور سا لمیت کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔

ڈاکٹر خا لد مقبول صدیقی نے مزید کہا میڈیا کے تمام قوانین ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے آئین کا حصہ ہیں لہذا ان پر اس کی روح اور متن کے مطابق ایمانداری،غیر جانبداری اور نیک نیتی کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے اور ایم کیو ایم پاکستان حکومت اور ایوانوں میں اس ضمن میں اپنا مثبت قردار ادا کرے گی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینرعامر خان،ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل،ڈپٹی کنوینروسابق میئر کراچی وسیم اختر،رکن رابطہ کمیٹی ووفاقی وزیر سید امین الحق،رکن رابطہ کمیٹی وسینیٹرفیصل سبزواری بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں