سلیکٹیڈ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی،عبدالغفورحیدری

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2021ء) مہنگائی،معاشی بدحالی اوربیروزگاری کے خلاف پی ڈی ایم کے ملک گیراحتجاج کو عوامی ریفرنڈم قراردیتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماں سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری و دیگرنے کہاہے کہ جنات اورخلائی مخلوق آمنے سامنے آچکے ہیں،سلیکٹیڈ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی،ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں،جب تک سلکیٹڈ حکومت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا احتجاج جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہارجے یوآئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفوری حیدری ، جے یوپی کے سیکرٹری پی ڈی ایم رہنما شاہ اویس نورانی،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، محمد اسلم غوری ، مسلم لیگ ن کے شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل، نہال ہاشمی، قومی وطن پارٹی کے سردار احمد نواز، پشتونخواہ میپ کے زاہد ترین، ودیگرنے ایمپریس مارکیٹ صدر میں پی ڈی ایم کے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکنان ورکرز اورشہریوں اورتاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورمہنگائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ پی ڈی ایم کے نائب صدر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہاکہ مہنگائی اور موجودہ حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ عوامی ریفرنڈم ہے،غریب عوام وکلا اور کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں،قائدجمعیت نے 20 اکتوبرسے ملک بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیاتھا،مہنگائی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے ہیں یہ احتجاج حکمرانوں کی رخصتی پرمنتج ہوگا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ حکمرانوں نے معیشت کی بحالی اورعوامی فلاح وبہبود کے متعلق جو منشور پیش کیے تھے سب وعدے جھوٹے ثابت ہوئے،آج پورے ملک کو آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دیاگیاہے،عمران نے آئی ایم ایف جانے سے پہلے خود کشی کا وعدہ کیاتھا،ایک کروڑ نوکریاں ہزاروں گھر دینے کا اعلان کیا تھا،اسلام اباد میں بیک وقت 16 ہزار افراد کو ملازمت سے نکال دیاگیا،کراچی میںانکروچمنٹ کے نام پرشہریوں کو بے گھرکیاجارہاہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ سیلیکٹد حکمرانوں کی سربراہی میں جمہوریت کا گلہ گھونٹا جارہاہے،میڈیاپرقدغن لگائی جارہی ہے،موجودہ حکومت جھوٹ پرمبنی یے،حکمران نے ابھی تک کوئی میگا پروجیکٹ نہیں لگایا،ان کی معاشی پالیسیوں کے خلاف آج عوام اور تاجرسراپا احتجاج ہیں۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سلیکٹڈ اور جھوٹ پر مبنی ہے،عوام بھوک، پیاس، مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ ہو کر خودکشی پر مجبور ہیں،عمران خان نے قوم کو دیا کچھ نہیں، قوم کو دلدل میں پھنسا دیا ہے،قومی اور جمہوری اداروں سے لے کر صحافت تک سب پر قدغن لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ملکی مسائل حل کرنے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے سوائے خوشنما نعروں کے ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔موجودہ حکومت کا کام صرف اپوزیشن کیا آوازدبانا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی معشیت کوتباہ کرنے والے اورعوام پرمہنگائ کا طوفان مسلط کرنے والے انجام کوپہنچیں گے پی ڈی ایم کی تحریک موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات دلانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،عمران خان نے قوم کوکچھ نہیں دیا قوم کودلدل میں پھنسا دیا ہے۔

پی ڈی ایم کے رہنما جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ اویس نورانی نے کہاکہ ملک حالت جنگ جبکہ حمکران بھنگ میں ہیں، ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں،عمران خان نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے،اسٹیٹ بینک کے گورنرکاڈالرسے متعلق بیان مضحکہ خیزہے۔اویس نورانی نے ملک میں فوری نئے الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عمرانی حکومت کے خلاف عوامی تحریک کا آغاز ہوگیاہے جوان کی رخصتی تک جاری رہے گی۔

جمعیت علمائ اسلام سندھ کے سکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ دو دن کے مختصرنوٹس پر عمران خان کے خلاف احتجاج عوامی ریفرنڈم یے،یہ حکومت عوام دشمن ہے،جنات اور خلائی مخلوق آمنے سامنے آچکے ہیں،عوام کے احتجاج کی آواز بنی گالہ تک جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مساجد اورمدرسوں پر حملے کیے جارہے ہیں،عمران خان اسلام،ختم نبوت، عوام کا دشمن ہے وہ اپنے عہدے سے فوری مستعفی ہوجائیں۔

مسلم لیگ ن سندھ کے صدرشاہ محمد شاہ نے کہاکہ جادو ٹونے سے ملک کی معیشت نہیں چلے گی،آسمانوں میں فیصلہ ہوگیاہے کہ عمران خان کا وقت پورا ہوا۔شاہ محمدشاہ نے کہاکہ ہمارا مولانا سے تعلق مزید مضبوط ہوگیاہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہاکہ ڈالر۔چینی چور نا منظور،ووٹ کو عزت دو،مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ دی ہے لوگوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

ایمپریس مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے جلوس صدرپہنچے تھے، جے یوآئی کے مختلف رہنماؤں کی قیادت میں قافلے پنڈال پہنچے ضلع کیماڑی سے قاری محمد عثمان ، اکبر شاہ ہاشمی، قاضی فخرالحسن، ضلع غربی سے مفتی محمد خالد ، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، انجینئر محمد سلیم ، محمد شریف گبول ، ضلع جنوبی سے مولانا نورالحق ، مفتی عبداللہ بلوچ ، قاری نورالامین ،ضلع ملیر سے مولانا احسان اللہ ٹکروی، مولانا اجمل شیرازی، حافظ حمداللہ حقانی، ضلع کورنگی سے مفتی عبدالحق عثمانی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا خطیب شاہ، ضلع سینٹرل سے مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا زرین شاہ، مولانا سلطان محمود، ضلع شرقی سے مولانا فتح اللہ ، فاروق سید حسن زئی ، مولانا لطیف اللہ برکی ، مفتی علیم الحق ودیگر کی قیادت میں بڑے عوامی قافلے احتجاجی مظاہرے میں پہنچے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں