ایک فیصد اشرافیہ نے ملکی وسائل کو جکڑ رکھا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان تیزی سے خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے، جواد احمد

عمران خان کی 14جائیدادیں ہیں، اس نے اپنی ایک بھی جائیداد چیریٹی میں نہیں دی۔ وہ امیروں کا ساتھی ہے، سب سے بڑا جھوٹا، بہروپیا، دھوکے باز اور فراڈی ہے،غریب عوام کے پاس طبقاتی بنیادوں پر منظم ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، چیئرمین برابری پارٹی کی پریس کانفرنس

پیر 25 اکتوبر 2021 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ ایک فیصد اشرافیہ نے ملکی وسائل کو جکڑ رکھا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان تیزی سے خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پاکستان کے مسائل کا واحد حل 99 فیصد محنت کش طبقے کا طبقاتی بنیادوں پر منظم ہونا ہے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جواد احمد نے کہا کہ اس ملک میں بے غیرتی اور خوش آمد کا دور دورہ ہے۔

74سال میں یہ پہلی پارٹی ہے جو خالصتا طبقاتی بنیادوں پر بنائی گئی ہے۔ سرمایہ دار اور جاگیردار جو اپنی فیکٹریوں اور کھیتوں میں اپنے مزدوروں اور کسانوں کو کچھ نہیں دیتے، ان کا خون نچوڑتے ہیں۔ وہ لوگ اسمبلی میں جاکر کیسے غریبوں کے حق میں فیصلے کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کے لئے یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ اپنے حقوق کے حصول کے لئے ملک کے 99 فیصد غریبوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی۔

چیئرمین برابری پارٹی نے مزید کہا کہ عمران خان، آصف علی زرداری اور نوازشریف ارب پتی لوگ ہیں اور ان کی پارٹیوں میں بھی ارب پتی لوگ ہی شامل ہیں، وہ ملک کے غریب عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے۔ جواد احمد نے کہا کہ ملک کے پسے ہوئے اور نچلے طبقات کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ہماری پارٹی کا دست و بازو بن جائیں۔ یہ پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے، اس میں نہ اس وقت کوئی امیر شامل ہے، نہ آئندہ شامل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 99 فیصد غریب لوگ ہیں، ایسے میں یہ انصاف کے تمام اصولوں کے منافی ہے کہ ایک فیصد امیر لوگ اسمبلیوں میں جائیں اور ملک پر حکمرانی کریں۔ یہ جمہوریت نہیں ہے۔ اصل جمہوریت کا تقاضا یہ ہے کہ اسمبلیوں میں 99 فیصد غریب لوگ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہ وزیراعظم بننے کا شوق ہے اور نہ ہی میں الیکشن لڑوں گا۔ میں لوگوں کو طبقاتی بنیادوں پر اور امیر و غریب کی بنیاد پر منظم کرنے کی جدوجہد کر رہا ہوں۔

پارٹی میں علم، دلیری اور درد مندی کی بنیاد پر عہدے دیئے جائیں گے۔ ہم معاشرے میں طبقاتی شعور کو بیدار کریں گے اور باہمت و باحوصلہ نوجوانوں کو آگے لائیں گے۔ انہوں عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پوری زندگی منافقت کی بدترین مثال ہے۔ عمران خان ایک جانب اسلام کی باتیں کرتے ہیں تو دوسری جانب ان کی اولاد یہودیوں کے گھر میں پلتی ہے۔

عمران خان صرف وزیراعظم بننا چاہتا تھا، اس نے دنیا بھر سے چندہ جمع کرکے پارٹی بنائی۔ عمران خان کی 14جائیدادیں ہیں، اس نے اپنی ایک بھی جائیداد چیریٹی میں نہیں دی۔ وہ امیروں کا ساتھی ہے، سب سے بڑا جھوٹا، بہروپیا، دھوکے باز اور فراڈی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور سیاست میں مذہب کے استعمال کو درست نہیں سمجھتے۔

البتہ چونکہ عمران خان شروع دن سے مذہب کا چورن بیچتے رہے ہیں۔ اس لئے انہیں بے نقاب کرنے میں وہ کوئی حرج محسوس نہیں کرتے۔ جواد احمد نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کے عوام غلامی، ذلت و رسوائی کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ میں نے الیکشن نہیں لڑناہے۔ میں نے الیکشن عمران خان شہبازشریف بلاول بھٹو کے سامنے لڑا ہے۔ میڈیا تین پارٹیوں کو پروموٹ کرنے میں لگا ہوا ہے۔

میں چاہتاہو کہ مڈل کلاس کو محترک کروں۔ آپ لوگوں کوروز ٹھوکرے ماری جاتی ہیں، ہم پورے ملک میں طبقاتی بنیادوں پر جماعت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا فکر و فلسفہ بہت اچھا تھا، لیکن لسانیت نے ان کو تباہ کر دیا۔ ہم اپنی جماعت کو لسانیت، فرقہ واریت اور مذہب سے بلند ہوکر خالصتا طبقاتی بنیادوں پر منظم کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں