کراچی چیمبر کارات میں چھاپے مارنے سے کسٹم کو روکنے پر حکومت کو خراج تحسین

بدھ 1 مئی 2024 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے کسٹمز حکام کو مالک کی غیر موجودگی میں رات گئے چھاپے مارنے سے روک دینے کے حکومتی اقدام اور سب سے اہم یہ ہے کہ متنازع ایس آر او 350 کے اجراء کی وجہ سے سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں تمام خامیوں کو دور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کو بھرپور الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اپنے ایک روزہ دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کراچی کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا تاکہ معیشت اور برآمدات بہتر ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری ملک بھر میں معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا واقعی حوصلہ افزا ہے کہ ایف بی آر نے تمام چیف کلکٹر کسٹمز کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں واضح طور پر گوداموں پر دن کے اوقات میں چھاپے مارنے کا حکم دیا گیا ہے اور رات کے اوقات میں ایسے چھاپوں سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے جہاں مالک یا اس کا نمائندہ دستیاب نہ ہو۔ نوٹیفکیشن میں چیف کلکٹرز کو مزید مشورہ دیا گیا کہ اگر مالک یا اس کا نمائندہ ایسے احاطے میں دستیاب نہ ہو تو اسے سیل کر دیا جائے گا اور کسٹمز کے عملے کو تعینات کیا جا ئے تاکہ ایسے گودام سے سامان نہ ہٹایا جا سکے جو کہ واقعی حوصلہ افزا ہے۔

ہمیں یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ کسٹمز حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سامان کی قانونی درآمد کے دستاویزات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ مالک یا اس کے نمائندے اور کسی آزاد گواہ کی موجودگی میں حراست میں لیے گئے سامان کی انوینٹری بنانا ضروری ہے جس کا کراچی چیمبر طویل عرصے سے مطالبہ کرتا چلا آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد کسٹمز حکام حراست کے وقت بنائی گئی انوینٹری کے مطابق اور درآمد کا جواز پیش کرنے والی قانونی دستاویزات کو پیش کرنے پرضبط شدہ سامان واپس کرنے کے پابند ہوں گے۔

متعلقہ کلکٹر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ حراست میں لیے گئے سامان کی پوری مقدار مالک یا اس کے نمائندے کے حوالے کر دی گئی ہے، جس سے ایسے تاجروں کو سکھ کا سانس میسر ہوگا جو اس طرح کے چھاپوں کے دوران شدید نقصان کا سامنا کرتے آئے ہیں۔حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کراچی چیمبر کے صدر نے امید ظاہر کی کہ کراچی چیمبر کی جانب سے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران اٹھائے گئے دیگر مسائل کو بھی زیر غور لایا جائے گا اور ملک کے وسیع تر مفاد میں خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں