نسیم شاہ نے ملتان سلطانز سے فتح چھین لی

اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بن گئی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں فتح حاصل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 مارچ 2024 00:56

نسیم شاہ نے ملتان سلطانز سے فتح چھین لی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2024ء ) پی ایس ایل 9 کے فائنل میں نسیم شاہ نے ملتان سلطانز سے فتح چھین لی، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بن گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان نے 26 رنز اسکور کیے۔

افتخار احمد نے 32 رنزکی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 20 گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 23 رنز دیکر 5 اور شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ملتان سلطان کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا،کولن منرو 17 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، آغا سلمان کو بھی 10 کے انفرادی سکور پر خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا، کپتان شاداب خان 4 رنز بناکر افتخار احمد کا شکار بنے، مارٹن گپٹل 50 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اعظم خان 30 رنز بناکر اسامہ میر کا شکار بنے، حیدر علی 5 رنز بناکر ویلے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف کو افتخار احمد نے آؤٹ کیا، وہ صرف ایک ہی رن بناسکے، نسیم شاہ 18 رنز بناکر محمد علی کی گیند آؤٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم 19اورحنین شاہ 1رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

فائنل کے موقع پر سکورٹی کے سخت ترین انتظامات جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف شاہراؤں اور سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے مربوط پلاننگ کی گئی ہے۔ اسٹیڈیم میں جعلی ٹکٹوں کی فروخت کی روک تھام کے لیے بھی لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت پی سی بی کے سکیورٹی اہلکار اسٹیڈیم میں خصوصی گشت کریں گے اور داخلہ دروازوں پر مشکوک افراد پر نگاہ رکھیں گے۔

فائنل اور اختتامی تقریب میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی مہمان خصوصی ہیں اور مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کریں گے۔ یاد رہے کہ چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کو دو مرتبہ 2022ء اور 2023ء میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ دو مرتبہ 2016ء اور 2018ء میں فائنل میں پہنچی اور ہر بار سرخرو رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ، عبید میکوئے پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان اور وکت کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد علی، عباس آفریدی شامل ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں