خیبرپختونخوا سمیت ملک بھرمیں رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم (آج)شروع ہوگی

پولیو ورکرز گھر گھر جا کرپانچ سال کی عمرکے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے

اتوار 25 فروری 2024 18:25

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2024ء) صوبہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھرمیں رواں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم (آج) پیرسے شروع ہوگی جوپانچ سے سات روز تک جاری رہے گی جس کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کرپانچ سال کی عمرکے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔ انسداد پولیو مہم میں 4 لاکھ سے زائدپولیوورکرز حصہ لیں گے۔

قومی انسدادپولیومہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کرلئے گئے ہیں اور پولیو ورکروں کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کرلئے گئے ہیں۔اس قومی مہم کے دوران بچوں کو پولیو قطروں کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی تاکہ بچوں کی قوت مدافعت میں مزید اضافہ ہوسکے۔رواں سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران اب تک پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے تاہم پچھلے سال 2023 کے دوران کل 6 بچوں میں پولیو وائرس پایاگیا تھا جن میں خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں 3، قبائلی ضلع اورکزئی میں ایک اور کراچی میں 2 بچے شامل تھے جبکہ سال 2022 کے دوران خیبرپختونخوا کے تین جنوبی اضلاع شمالی وزیرستان‘ لکی مروت ور شمالی وزیرستان میں بالترتیب17 ‘ 2 اور ایک بچے میں پولیو وائرس پایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایک محتاط اندازے کے مطابق انسداد پولیو کی ملک گیر مہم کے دوران پنجاب کے 36 اضلاع میں 2کروڑ 26 لاکھ‘ سندھ میں ایک کروڑ3 لاکھ‘ خیبرپختونخوا میں75لاکھ ‘ بلاچستان میں26 لاکھ‘ آزاد جموں کشمیر میں‘ 7 لاکھ 20 ہزار‘ گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 80 ہزار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا کے حوالے سے بتایا جاتاہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرپولیو مہم دو مراحل میں چلائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں جنوبی اضلاع لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آج سے شروع کردی جائے گی جبکہ باقی تمام اضلاع میں 3 مارچ سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔خیبرپختونخوا میں 60 ہزار سے زائد پولیوورکرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں