کے پی،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر قتل کی جانیوالی لڑکی کی تصاویرفوٹو شاپ نکلیں

منگل 28 نومبر 2023 14:10

کے پی،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر قتل کی جانیوالی لڑکی کی تصاویرفوٹو شاپ نکلیں
کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) خیبرپختونخوا کے ضلع کولئی پالس میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر قتل کی جانے والی لڑکی کی تصاویر جعلی نکلیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کوہستان میں لڑکیوں کی تصاویر وائرل کرنے کے معاملے پر پولیس نے ابتدائی رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا کہ فیس بک پر امان دیدار نامی لڑکے کی آئی ڈی سے 2 لڑکیوں کی تصاویر وائرل ہوئیں، لڑکیوں کی تصاویر رحمت شاہ اور امان دیدار نامی لڑکے کی تصاویر کے ساتھ فوٹو شاپ کرکے لگائی گئی تھیں۔

پولیس کے مطابق وائرل ہونے والے تصاویر میں سے ایک لڑکی کے قتل کی خبر موصول ہوئی۔ پولیس نے گائوں برشریال سے مقتولہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے پٹن ہسپتال پہنچائی۔پولیس رپورٹ کے مطابق دوسری لڑکی کو ریسکیو کرکے والدین کے ہمراہ پالس لایا گیا جہاں لڑکی نے سینئر سول جج کی عدالت میں بیان ریکارڈ کیا اور والدین کے ساتھ جانے کو کہا، عدالت نے 30 لاکھ روپے ضمانت کے عوض لڑکی کو والد کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مقتولہ لڑکی کے والد مرکزی ملزم ارسلا کو گرفتار کرلیا ہے ،دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ 2012 میں ویڈیو وائرل ہونے پر جرگے کے حکم پر 5 خواتین اور چار لڑکوں کو قتل کیاگیا تھا اور واردات میں ملوث ملزمان کو اس سال بری کیا گیا تھا۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں