افغانستان سے نکلنے کے لیے امریکہ کو پاکستان کی ضرورت ہے

بھارت کا بڑا حلقہ امن کا خواہاں ہے،جس میں واحد رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے،شاہ محمود قریشی

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 23 جولائی 2019 08:04

افغانستان سے نکلنے کے لیے امریکہ کو پاکستان کی ضرورت ہے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2019ء)   وزیر اعظم عمران خان اپنی ٹیم کے ہمراہ اس وقت واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں ان کے ساتھ آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ بھی ٹیم کے اہم ممبران شامل ہے۔گزشتہ روز عمران خان کی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات ہو چکی ہے جو کہ موجودہ عالمی تناظر میں ایک اہم موڑ ثابت ہو گی۔

صدر ٹرمپ نے پاکستانی قیادت اور قوم کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے اور افغانستان سے پرامن انخلا میں خصوصی تعاون کی درخواست کی۔شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے ا ور مزید تعاون کی درخواست کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میںپاکستان نے بھاری قربانیاں دی ہیں جن کے ہم معترف ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغان بارڈر کے ساتھ ساتھ حالات بہتر کیے اور انہوں نے بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ایک بہت بڑا حلقہ امن کا خواہاں ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔مگر اس امن کی راہ میں واحد رکاوٹ مسئلہ کشمیر ہے جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حل کرانے کے لی ثالثی کاکردار ادا کرنے کا کہا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج سے قبل کسی امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی بات نہیں کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے پہلو پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے جو کہ بڑھنا چاہیے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان آنے کی دعوت بھی قبول کرلی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ سول اور عسکری قیادت آج ایک پیج پر ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا امیج عالمی سطح پر مضبوط اور مثبت انداز میں سامنے آیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات انصاف بر مبنی اور آزادانہ طور پر ہوئے ہیں۔لوگوں نے اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کیے ہیں۔ہم امید کر رہے ہیں کہ پانچ آزاد امیدور بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔ان باتوں کا اظہار شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ہے۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں