وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب کو مسئلہ کشمیر پر قومی موقف سے آگاہ کریں‘محمد جاوید

مسئلہ کشمیر پر حکومت نے ایک مرتبہ بھی قومی اتفاق اور یکجہتی کی سنجیدہ کوشش نہیں کی‘مختلف تقریبات سے خطاب

پیر 14 اکتوبر 2019 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کی بڑھک ’’ رویہ نہ بدلا تو پاکستان کے مزید ٹکڑے ہوںگے ‘‘ کھلم کھلا دھمکی اور قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری خاموش تماشائی بننے کی بجائے ہندوستان کی بربریت کا نوٹس لے۔

، جس طرح دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے قربانیاں دیں اور معاشی و جانی نقصان برداشت کیا، اسی طرح دنیا کو بھی اپنے دوہرے معیار تبدیل کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 70دنوں سے کشمیری محصور ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزلاہور اور پاکپتن میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری تاجروں کا 5اگست سے ابتک 6ہزار کروڑ کا نقصان ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈھائی ماہ سے گھروں میں بند لوگ ،عالمی امن کے علمبرداروں ، این جی اوز اور انسانی حقوق کا دم بھرنے ولاے ممالک کے منہ پر بڑا طمانچہ ہے۔ سرینگر سینٹرل جیل میں ہزاروں نوجوان قید ہیں۔ کشمیریوں کو آئینی و قانونی حقوق سے محروم رکھنا خطرناک ہوگا۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام بغیر کسی لیت ولعل کے اپنے مظلوم بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم سب سے پہلے اپنے گھر کی فکر کریں ، جس پر مودی کی انتہا پسند حکومت حملہ آور ہے۔

ایران اور سعودی عرب کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی موقف سے آگاہ کریں۔خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بدقسمی سے حکومت اور ان کے وزراء کے اعصابوں پر اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے اور مخالفین کے ساتھ نبر د آزمائی سوار ہے۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت نے ایک مرتبہ بھی قومی اتفاق اور یکجہتی پیدا کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں