بغیر لائسنس و ہیلمٹ اور کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

کم عمر ڈرائیونگ پر مقدمات کی بجائے ان کی گاڑی، موٹرسائیکل تھانے بند کرنے کا حکم دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 10:32

بغیر لائسنس و ہیلمٹ اور کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) بغیر لائسنس و ہیلمٹ اور کم عمر ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے، جس کے تحت بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے گی، اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس گاڑی، موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں، کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والے بھی کسی معافی مستحق نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 03 ماہ کے دوران بغیر لائسنس 01 لاکھ 52 ہزار 651 گاڑیوں کےخلاف کارروائی کی گئی، بغیر ہیلمٹ 55 ہزار موٹرسائیکل سواروں جب کہ 06 ہزار کم عمر ڈرائیورز کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا، آج بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ، کم عمر ڈرائیورز پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا، کم عمر ڈرائیونگ پر مقدمات کی بجائے ان کی گاڑی، موٹرسائیکل تھانے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کےلئے سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ کی موٹرسائیکل چلانے پر 02 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، والدین بھی اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز مت دیں۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت موٹرسائیکل ہیلمٹ اور گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ای چالان ہوگا، اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں لاہور میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سی ٹی او عمارہ اظہرنے ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی، اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل کا ہیلمٹ اور گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہوگا، دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24 خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے 31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ کسی غریب کی ریڑھی نہ اٹھائی جائے، ریڑھیاں کھڑی کرنے کے لئے لائن لگا دی جائے، لاہور میں 82 مقامات پر روڈز انجینئرنگ اور ڈیزائننگ کی اجازت دی گئی، اجلاس میں لاہور میں 28 مقامات پر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی منظوری دی گئی، اسی طرح 88 مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے ٹائر کلر لگائے جائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریفک جام کی صورت میں وارننگ کے لئے سکرینیں نصب کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے، کسی بے گناہ کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی، مہذب معاشرے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں