20اپریل کو امریکی قونصلیٹ کے سامنے بہت بڑا جلسہ ہوگا: اظہر بلال

منگل 16 اپریل 2024 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور اظہر بلال اور جنرل سیکرٹری عبدالرشید مرزا نے کہاہے کہ تیاریاں مکمل 20اپریل کو امریکی قونصلیٹ کے سامنے بہت بڑا جلسہ ہوگا۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعم الرحمان خطاب کریں گے۔ عورتوں ، بچوں اور نہتے شہریوں پر ظلم کی انتہا کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد اسرائیل کو امریکہ اوربرطانیہ لگام ڈالیں اور اس کی پشت پناہی بند کریں۔

غیر ت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران نے اسرائیل کی جارحیت، جنگی جرائم اور تمام عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو ایسا جواب دیا ہے کہ اسرائیل حواس باختہ ہوگیا ہے۔ مسلم اُمہ کے خلاف طویل عرصہ سے جاری استعماری قوتوں، صیہونی درندوں اور فاشسٹ مودی کے ظلم و بربریت کے خاتمہ کے لیے عالمِ اسلام کے اتحاد بننے کے سنہرے موقع کو ضائع نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

امریکہ، یورپ میں اسلاموفوبیا میں مبتلا اسلام دشمن قوتیں اُمتِ مسلمہ کو سُنی شیعہ میں تقسیم کرنے کے مکروہ اور قبیح حربے استعمال کریں گی، ماضی کی تمام غلطیوں کا مسلم لیڈرشپ ادراک کرے اور مِلتِ اسلامیہ کی دیرینہ امنگ اتحادِ اُمت کو پورا کرے۔ عالمِ اسلام کی عزت، وقار اور خودداری بھی بحال ہوگی اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم و ستم کی طویل سیاہ رات کا خاتمہ بھی ہوگا۔

غزہ میں 35 ہزار بے گناہ شہداء کی پکار ہے کہ اُمت متحد ہوجائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں 20 اپر یل کے غزہ مارچ کی تیاریوںکے حوالے سے بلائے گئے اجلاس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںچوہدری محمد اقبال،انجینئر احمد سلمان،حمزہ بلال،عمران باسط، سلمان ایوب،عبیدالرحمان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں