لودھراں، ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کا سبزی و فروٹ منڈی کا اچانک معائنہ

اتوار 3 مئی 2020 17:35

لودھراں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر لودھراں عمران قریشی نے آج صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی لودھراں کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید کرار حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں سبزیوں اور فروٹ منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاکہ نکتہ آغاز سے ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں کم رہیں اور عوام کو سستے اور معیاری فروٹ اور سبزیاں کم قیمت پر فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی شکایات خصوصا مہنگائی کے حوالے سے ضلع بھر کی تمام مارکیٹوں کی کلوز مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ اوقات مقررہ پر سبزی اور پھلوں کی ریٹ لسٹ جاری کی جائیں اور تمام پھلوں اور سبزی فروخت کرنے کے ٹھیلوں اور دوکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرائی جائیں تاکہ خریداروں کو نرخوں بارے رہنمائی میسر آسکے۔

ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے بتایا کہ سبزیوں پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے انسداد کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گوداموں کے بھی مسلسل معائنے کر رہے ہیں تاکہ ذخیرہ اندوز عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں