کارکردگی والے تنقید اور بددعائیں نہیں دیتے،مریم نواز

خیبرپختونخواہ میں ترقی کا دعویٰ کرنے والے آج کدھر ہیں،یہاں کے لوگ غیور اور جیتے جاگتے ہیں، چیف آرگنائزر ن لیگ کا مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 جنوری 2024 16:45

کارکردگی والے تنقید اور بددعائیں نہیں دیتے،مریم نواز
مانسہرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی کو بدعائیں نہیں دینا چاہتی ،جو آج بھگت رہے ہیں وہ ان کا اپنا کیا دہرا اور اعمال کا نتیجہ ہے۔ جن کے پاس کارکردگی ہو وہ کسی پر تنقید نہیں کرتے۔ مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ کے لوگ غیور اور جیتے جاگتے لوگوںہیں۔

خیبرپختونخواہ میں ترقی کا دعویٰ کرنے والے آج کدھر ہیں۔ جو لوگ ملین ٹری سونامی کا نعرہ لگا کر آئے وہ پہلے سے لگے ہوئے درختوں کی لکڑی بھی بیچ کر چلتے بنے، مجھے افسوس ہے اس انسان نے آپ کا بھلا نہیں سوچا۔ سابق حکمران صرف سیاسی مخالفین نہیں تھے بلکہ ذاتیات پر اترتے تھے، پورا خیبرپختونخوا ماوں،بہنوں اوربیٹیوں کی عزت کرنے والا صوبہ ہے۔

(جاری ہے)

پشاور میٹرو بس چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، جو 10 سال خیبر پختونخوا میں حکومت کرکے گئے تو وہ کوئی ایک ہسپتال، کوئی اسکول، کوئی میٹرو بس دکھا دیں جو یہاں کے لوگوں کیلئے بنائی ہو۔ دنیا جانتی ہے نوازشریف ہزارہ اور مانسہرہ سے محبت کرتے ہیں، خیبر پختونخوا جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے تجربہ گاہ نہیں ہے۔ مریم نواز کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق حکومت 10سال میں 10نہیں صرف 5 ہسپتال ہی دکھا دے جو یہاں بنائے ہوں۔

اعمال انسان کو بہت دور تک چھوڑ کرآتے ہیں، ساری زندگی قبر تک پیچھا کرتے ہیں، خیبرپختو نخوا کوئی تجربہ گاہ نہیں کہ آئے تجربہ کیا اور چل دئیے۔ وزیراعظم نواز شریف ہوں یا شہبازشریف اورآپ کے لیڈر کیپٹن صفدران سب نے ہمیشہ یہاں کے ترقیاتی منصوبوں کی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں کوئی گرین لائن یا میٹرو بس سروس ہی دکھا دو، کوئی دانش سکول ہی دکھا دو جوعوام کیلئے یہاں بنایا گیا ہو؟ آج اتنی سردی ہے مشکل سے سورج نکلا ہے، لوگ دیوانہ وار جلسہ گاہ میں داخل ہورہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مانسہرہ نے آج اس جلسے میں شرکت کرکے اپنا فیصلہ 8 فروری کے بجائے 22 جنوری کو ہی سنا دیا ہے کہ اب اس ملک میں عوامی راج قائم ہوگا او ر عوام کے دلوں کی دھڑکن نواز شریف کی حکومت ہوگی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں