ضلع مہمند میں اے ڈی ار کے تحت 15 سال سے کرومائیٹ پہاڑ پر جاری تنازعہ حل ہوگیا

پیر 21 اگست 2023 17:33

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2023ء) اے ڈی ار کے تحت 15 سال سے کرومائیٹ پہاڑ پر جاری تنازعہ حل ہوگیا،3 مہینوں میں فیصلہ کرنے پر فریقین نے ضلعی انتظامیہ اور جرگہ ممبران کا شکریہ ادا کیا۔لوئر سب ڈویزن کے تحصیل امبار کے علاقے شاتی مینہ میں 15 سال سے فریقین حاجی میر رحمان اور غفور خان کے درمیان کرومائیٹ پہاڑ کی حد بندی کا تنازعہ چلا آرہا تھا۔

(جاری ہے)

اے سی لوئر مہمند صدام حسین میمن نے مذکورہ تنازعے کے حل کےلئے حاجی صاپ خان،حاجی رفیع اللہ اور ملک عبدالمجید، پر مشتمل اے ڈی ار کا جرگہ تشکیل دیا جنہوں نے تین ماہ تک فریقین کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے اور فیصلہ کرلیا۔اے سی صدام حسین میمن نے جرگہ ممبران کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوام اپنے باہمی تنازعات اے ڈی ار کے ذریعے حل کریں ۔

اس موقع پر جرگہ ممبران کا کہنا تھا کہ جرگہ ممبران مخلص ہوں تو ھر قسم کے تنازعات چند روز میں حل ہوسکتے ہیں ۔فریقین کا کہنا تھا کہ تین ماہ کی قلیل مدت میں 15 سال سے جاری تنازعے کو احسن طریقے سے حل کرنا اے ڈی ار جرگہ مشران کا کارنامہ ہے جس کی وجہ سے ہم عدالتی تاریخوں اور پیسوں کے نقصان سے بچ گئے جس پر انہوں نے جرگہ ممبران کا شکریہ ادا کیا۔۔

متعلقہ عنوان :

مہمند ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں